دہلی ہائی کورٹ کے نئے تقرر شدہ 9 ججوں کی حلف برداری، کل تعداد 44 ہوئی

مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے کہا کہ ’’آئین ہند کے تحت دی گئی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے، درج ذیل وکیلوں کو دہلی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ میں ان سب کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘

دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
دہلی ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ میں تقرری پانے والے 9 ججوں نے بدھ کے روز عہدے کا حلف لے لیا، جس کے بعد دہلی ہائی کورٹ میں ججوں کی کل تعداد 44 ہو گئی۔ قائم مقام چیف جسٹس وپن سانگھی نے ججوں تارا وشال گنجو، منی پشکرنا، وکاس مہاجن، تشار راؤ گیڈیلا، منمیت پریتم سنگھ اروڑہ، سچن دتا، امت مہاجن، گورانگ کانٹھ اور سوربھ بنرجی کو حلف دلایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتہ مرکز نے دہلی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر 9 وکلا کی تقرری کو منظوری دی تھی۔ ایک ٹوئٹ میں، مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے کہا کہ ’’آئین ہند کے تحت دی گئی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے، درج ذیل وکیلوں کو دہلی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ میں ان سب کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘


اس ماہ کے اوائل میں چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی میں سپریم کورٹ کالجیم نے دہلی ہائی کورٹ کے جج کے طور پر 7 وکلا کی سفارش کی تھی۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’سپریم کورٹ کالجیم نے 4 مئی 2022 کو منعقدہ اپنی میٹنگ میں درج ذیل وکیلوں کو دہلی ہائی کورٹ میں جج کے طور پر ترقی دینے کی تجویز کو منظوری دی ہے۔ ان میں وکاس مہاجن، تشار راؤ گیڈیلا، منمیت پریتم سنگھ اروڑہ، سچن دتا، امت مہاجن، گورانگ کانٹھ اور سوربھ بنرجی کے نام شامل ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔