’خبروں کا سب سے قابل اعتبار ذریعہ اخبار ہے، یہ برقرار رہیں گے‘، میڈیا اجلاس میں اظہارِ خیال

میڈیا اجلاس میں شامل شرکا نے کہا کہ اخبار آج بھی سب سے بھروسہ مند ذریعہ ہے، قارئین دن بھر ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا پر خبریں دیکھنے کے بعد بھی اخبار پڑھتے ہیں، جس سے اس کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>

علامتی تصویر

user

قومی آوازبیورو

’’آج بھی خبروں کے معاملے میں اخبار سب سے قابل اعتبار ذریعہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے تیزی سے پھیلنے کے بعد بھی ہندوستان میں اخباروں کا سرکولیشن بڑھ رہا ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ آج بھی لوگوں میں اخبار کی اپنی اہمیت ہے۔‘‘ یہ اظہار خیال 13 ستمبر کو پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے دہلی میں منعقد پہلے میڈیا اجلاس میں شریک مختلف زبانوں کے اخبارات سے منسلک صحافیوں نے متفقہ طور پر کیا۔

میڈیا اجلاس میں ہندوستانی زبانوں کے اخبارات کی وسعت اور تکنیک کی بڑھتی مداخلت پر ماہرین نے اپنے خیالات ظاہر کیے۔ اس دوران میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مشہور ہستیوں نے کہا کہ اخبار آج بھی سب سے بھروسہ مند ذریعہ ہے۔ قارئین دن بھر ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا پر خبریں دیکھنے کے بعد بھی اخبار پڑھتے ہیں، جس سے ظاہر ہے کہ وہ اخبار کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔


’امر اجالا‘ کے منیجنگ ڈائریکٹر تنمے مہیشوری نے اس موقع پر کہا کہ ’’ہمارے یہاں لوگوں کو 5 سے 7 روپے میں اخبار مل جاتا ہے۔ بیرون ممالک میں یہی اخبار 40-30 روپے میں ملتا ہے، اور اس میں بھی لاجسٹکس کا خرچ لگتا ہے۔ عام طور سے ہمارے یہاں کوئی سامان منگوانے پر ہر پیکٹ پر 50 سے 60 روپے لاجسٹکس کی لاگت آتی ہے، لیکن ہم ان سب اخراجات کے بعد بھی صرف 5 سے 7 روپے میں اخبار دستیاب کراتے ہیں۔ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ یہ فرق کہاں سے آ رہا ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’’اخبار اور ڈیجیٹل میڈیا سمیت ہر طرح کا پلیٹ فارم برقرار رہے گا اور آگے بڑھتا بھی رہے گا۔ یہ فکر بے بنیاد ہے کہ نئے زمانے میں اخبارات ختم ہو جائیں گے۔‘‘

اے بی پی گروپ کے چیف ایگزیکٹیو افسر دھروب مکھرجی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائپرلوکل تک پہنچنا اخبارات کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ جہاں عام طور سے بڑے ٹی وی چینل پہنچ ہی نہیں پاتے ہیں۔ ’ایناڈو‘ گروپ کے ڈائریکٹر آئی وینکٹ نے اجلاس میں ’فیکٹ چیک‘ پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اعتبار حاصل کرنے کے لیے فیکٹ چیک کے انتظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔‘‘ علاوہ ازیں دینک بھاسکر کے نیشنل ایڈیٹر لکشمی پنت نے کہا کہ ’’نچلے اور چھوٹے علاقوں کے صحافی آج ایڈمنسٹریشن کے سامنے سب سے سنگین سوالات اٹھا رہے ہیں۔ نئے لوگ خواندہ ہو رہے ہیں۔ خبروں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس کے پلیٹ فارم بدل رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔