سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچا، کل ہوگی سماعت

ہیمنت سورین کی طرف سے پیش سینئر وکیل کپل سبل اور ابھشیک منو سنگھوی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کی گرفتاری معاملہ پر جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں داخل عرضی وہ واپس لے لیں گے۔

ہیمنت سورین، تصویر آئی اے این ایس
ہیمنت سورین، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو گزشتہ روز ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔ اس کے خلاف جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی تھی، لیکن اب یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی عدالت میں سورین کی عرضی پر کل یعنی جمعہ کے روز سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ جمعہ کے روز جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ کی عرضی پر سماعت کے لیے راضی ہو گئی ہے۔

آج جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) لیڈر ہیمنت سورین کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش سینئر وکیل کپل سبل اور ابھشیک منو سنگھوی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ کی گرفتاری معاملے پر جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے اپنی عرضی واپس لے لیں گے۔ چیف جسٹس کی عدالت میں سماعت کے دوران سورین کے وکیل کپل سبل نے یہ معاملہ آج صبح اٹھایا تھا جس پر سالیسٹر جنرل نے کہا کہ سورین کی گرفتاری کے خلاف ہائی کورٹ میں آج 10.30 بجے سماعت ہونی ہے، اس پر کپل سبل نے کہا کہ وہ ہائی کورٹ میں داخل عرضی واپس لے رہے ہیں۔


واضح رہے کہ 31 جنوری کو ہیمنت سورین نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بعد ازاں بدھ کی شب انھیں منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے گرفتار کر لیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی نے آج (یکم فروری) جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) عدالت میں پیش کیا۔ سخت سیکورٹی کے درمیان ان کی عدالت میں پیشی ہوئی ہے اور ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی نے ہیمنت کو 10 دنوں کی حراست میں بھیجنے کی اپیل کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔