جوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی، وہ مارتے مارتے مرے ہیں: وزیر اعظم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ میں چین سے تنازعہ کے سلسلہ میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ’’جن جوانوں کی شہادت ہوئی ہے وہ رائیگاں نہیں جائے گی، ملک کو اس بات پر فخر ہوگا کہ وہ مارتے مارتے مرے ہیں‘‘

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے لداخ میں چین سے تنازعہ پر پہلا بیان جاری کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جن جوانوں کی شہادت ہوئی ہے وہ رائیگاں نہیں جائے گی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ملک کو اپنے جوانوں پر فخر ہوگا، وہ مارتے مارتے مرے ہیں۔

بدھ کے روز مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کورونا وائرس پر تبادلہ خیال سے قبل وزیر اعظم مودی نے چین سرحد پر شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو یقین دلاتے ہیں کہ جوانوں کی قربائی رائیگاں نہیں جائے گی۔ اس دوران شہید جوانوں کے لئے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔


وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’ہم نے ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ ہمیشہ ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کی تمنا کی ہے۔ اگر کہیں اختلاف رائے بھی رہا، ہم نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ اختلاف رائے کبھی تنازعہ میں تبدیل نہ ہو۔ ہم کبھی کسی کو اشتعال نہیں دلاتے۔ لیکن ہم اپنے ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے ساتھ بھی کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’جب بھی وقت آیا ہے ہم نے ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے لئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے، اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے مزید کہا، ’’تیاگ (قربانی) اور تپسیا (کفایت شعاری) ہمارے کردار کا حصہ ہیں۔ طاقت اور بہادری بھی ہمارے کردار کا حصہ ہیں۔ ملک کی خود مختاری اور سالمیت کا دفاع کرنے سے ہمیں کوئی نہیں رک سکتا۔ اس میں کسی کو بھی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’ہندوستان امن چاہتا ہے لیکن اشتعال دلانے پر ہر حال میں معقول جواب دینے میں اہل ہیں اور ہمارے آنجہانی شہید بہادر جوانوں کے حوالہ سے ملک کو اس بات پر فخر ہوگا کہ وہ مارتے مارتے مرے ہیں‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jun 2020, 5:11 PM