سابق گرل فرینڈ کو مبینہ طور پر 6 حصوں میں کاٹنے والے کو انکاؤنٹر میں لگی گولی

پرنس یادو کو اتوار کے روز پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تصادم میں گولی لگی تھی جب اسے خاتون کے سر کی بازیابی کے لیے ایک جگہ لے جایا گیا تھا۔

یو پی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
یو پی پولیس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

حکام نے اتوار کو بتایا کہ ایک خاتون کے قتل میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی کٹی ہوئی لاش یہاں ایک کنویں سے ملی تھی۔ نیوز پورٹل این ڈی ٹی وی پر شائع خبر کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ پرنس یادو کو اتوار کے روز پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تصادم میں گولی لگی تھی جب اسے خاتون کے سر کی بازیابی کے لیے ایک جگہ لے جایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق، یادو جسے ہفتے کے روز گرفتار کیا گیا تھا اس نے جائے وقوعہ پر ایک دیسی ساخت کی پستول چھپا رکھی تھی اور اس نے اسے پولیس کے خلاف استعمال کرتے ہوئے حراست سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ واضح رہے واقعہ 15 نومبر کو اس وقت منظر عام پر آیا جب کچھ مقامی لوگوں کو پشچمی گاؤں کے باہر واقع ایک کنویں میں لاش ملی تھی۔ اعظم گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ آریہ نے بتایا تھا کہ ایک خاتون کی لاش نیم برہنہ حالت میں ملی ہے اور یہ دو سے تین دن پرانی معلوم ہوتی ہے۔


یہ واقعہ دہلی میں اسی طرح کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں ایک 28 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی ساتھی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا اور اس کے جسم کے 35 ٹکڑے کر دیئے، جسے اس نے تقریباً تین ہفتے تک اپنی رہائش میں 300 لیٹر کے فریج میں رکھا اور پھر شہر کے الگ الگ حصوں میں پھینک دیا۔

یادو نے اپنے والدین، کزن سرویش اور خاندان کے دیگر افراد کی مدد سے 20 سالہ آرادھنا کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا کیونکہ اس نے اس سے شادی نہ کر کے کسی اور سے شادی کی تھی۔ واضح رہے وہ اعظم گڑھ ضلع کے گاؤں اسحاق پور میں رہتی تھی۔ کہا یہ جا رہا ہے کہ کہ یادو کا متاثرہ کے ساتھ افیئر تھا، جس کی شادی اس سال کے شروع میں کسی اور شخص سے ہوئی تھی۔


شائع خبر کے مطابق 9 نومبر کو یادو آرادھنا کو اپنی بائیک پر ایک مندر لے گیا تھا۔ جب وہ وہاں پہنچے تو اس نے سرویش کی مدد سے گنے کے کھیت میں اس کا گلا گھونٹ دیا۔ پولیس نے بتایا کہ پھر دونوں نے اس کی لاش کو چھ حصوں میں کاٹ کر پولی تھین کے تھیلے میں باندھا اور اسے کنویں میں پھینک دیا۔ انہوں نے سر کو کچھ دور ایک تالاب میں پھینک دیا۔ پولیس نے اس کیس میں اب تک ایک تیز دھار ہتھیار، ایک دیسی ساخت کی پستول اور ایک کارتوس برآمد کیا ہے۔ جن باقی لوگوں نے پرنس کی اس معاملے میں مدد کی وہ فرار ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ 

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔