ہیلی کاپٹر حادثہ: ورون سنگھ کی حالت ہنوز نازک، بنگلورو منتقل کرنے کی تیاری

شوریہ چکر سے سرفراز ورون سنگھ بدھ کے روز تمل ناڈو میں حادثہ کا شکار ہوئے فضائیہ کے اسی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جس میں سی ڈی ایس بپن راوت اپنی بیوی اور دیگر افسران کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تمل ناڈو میں بدھ کے روز ہیلی کاپٹر حادثہ میں زندہ بچے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی اسپتال میں موت سے جنگ جاری ہے۔ ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ انھیں مزید بہتر علاج کے لیے بنگلورو کے اسپتالوں میں منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ ورون سنگھ کو جس طرح کے علاج کی ضرورت ہے، اس کے لیے بنگلورو کے اسپتال میں سہولیات کافی بہتر ہیں۔

شوریہ چکر سے سرفراز ورون سنگھ بدھ کو تمل ناڈو کے کنور کے پاس حادثہ کا شکار ہوئے فضائیہ کے اسی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے جس میں سی ڈی ایس بپن راوت اپنی بیوی اور دیگر افسران کے ساتھ سوار تھے۔ اس حادثہ میں ہیلی کاپٹر میں سوار 14 لوگوں میں سے صرف ورون سنگھ ہی زندہ بچے تھے۔ حالانکہ حادثہ میں وہ بری طرح زخمی ہو گئے ہیں۔


ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج (ڈی ایس ایس سی) میں ان کے ٹھیک ہونے کی دعا کی جا رہی ہے۔ ورون سنگھ ویلنگٹن کے ہی فوجی اسپتال میں ونٹلیٹر پر ہیں اور ان کی حالت مستحکم لیکن سنگین بتائی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے ورون سنگھ کا علاج کر رہے ڈاکٹروں کی ٹیم نے زیادہ جانکاری نہیں دی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے ان کے لیے بہت اہم ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ میڈیکل ٹیم ورون سنگھ کو بنگلورو منتقل کرنے کے طریقے پر تبادلہ خیال کر رہی ہے۔

ورون سنگھ، جن کی بیوی اور دو بچے ہیں، ان کو حال ہی میں وِنگ کمانڈر کے عہدہ سے گروپ کیپٹن کے عہدہ پر ترقی دی گئی تھی اور حال ہی میں وہ ڈی ایس ایس سی میں شامل ہوئے تھے۔ بدھ کو حادثہ زدہ ہیلی کاپٹر میں سوار چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی بیوی مدھولیکا راوت اور دیگر افسرا سمیت 13 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ اس حادثہ میں بچنے والے ورون سنگھ واحد افسر ہیں۔ کنّور کے فوجی اسپتال میں ڈاکٹروں کے ذریعہ مقررہ عمل کے مطابق مہلوکین کا ریاستی حکومت کے ڈاکٹر اور پولیس افسران کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔