ایران میں پھنسے ’لداخی زائرین‘ کا آخری قافلہ لیہ وارد

لداخ ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ایران میں پھنسے زائرین کی گھر واپسی یقینی بنائی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لیہ: ایران میں پھنسے لداخ یونین ٹریٹری کے 310 زائرین پر مشتمل آخری قافلہ اتوار کو لیہ ایئرپورٹ پہنچا جہاں سے انہیں انتظامی قرنطینہ میں بھیجنے کے لئے اپنے اپنے متعلقہ اضلاع کو روانہ کیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایران میں گزشتہ زائد از تین ماہ سے پھنسے لداخ کے 310 زائرین کو ایرانی ایئرلائن 'ماہان ایئر' نے دلی پہنچایا، جہاں سے انہیں انڈین ایئر فورس کے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے لیہ پہنچایا گیا۔

لداخ کے صوبائی کمشنر و سکریٹری سواگت بسواس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایران میں پھنسے لداخیوں کا آخری قافلہ اتوار کو لیہ پہنچ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ایران سے لداخی شہریوں کا آخری قافلہ لیہ پہنچ گیا۔ اس میں چار بچوں سمیت 310 افراد شامل ہیں۔ انہیں لیہ ایئرپورٹ سے انتظامی قرنطینہ میں رکھے جانے کے لئے اپنے متعلقہ اضلاع کو بھیجا گیا'۔


لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر فیروز احمد خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ایران میں پھنسے زائرین کی گھر واپسی یقینی بنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ 'الحمداللہ۔ ایران میں پھنسے 310 زائرین بحفاظت لیہ پہنچ گئے۔ جن زائرین کا تعلق کرگل سے ہے وہ کرگل کی طرف رواں دواں ہیں۔ میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے زائرین کی گھر واپسی یقینی بنائی'۔

دریں اثنا ایران میں گزشتہ زائد از تین ماہ سے پھنسے کشمیری زائرین کا کہنا ہے کہ ان کی مشکلات کا پہاڑ ہر گزرتے دن کے ساتھ بھاری سے بھاری تر ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس جو کچھ خرچہ تھا وہ ختم ہوچکا ہے اور اب وہ قرض کرکے گزر اوقات کر رہے ہیں۔


جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے چیف سکریٹری بی وی آر سبھرا منیم نے ہفتہ کے روز مرکزی خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا کے نام ایران، عمان اور دوبئی میں پھنسے یونین ٹریٹری کے لوگوں کو گھر واپس لانے کے لئے ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حکومت جموں وکشمیر کو عمان، دوبئی اور ایران میں یوین ٹریٹری کے پھنسے لوگوں کی طرف سے گھر واپسی کی مسلسل گزارشیں موصول ہورہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 May 2020, 7:11 PM