دی کشمیر فائلز: نیاز خان کی حمایت میں دگ وجے سنگھ آئے سامنے

دگ وجے سنگھ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ نیاز خان کی طرف سے یہ ایک اچھی تجویز ہے۔ اگر فلم کی کمائی کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی تعلیم اور ان کے مفاد کے لئے دی جاتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

دگ وجے سنگھ ، تصویر یو این آئی
دگ وجے سنگھ ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

بھوپال: کانگریس کے سابق جنرل سکریٹری دگ وجئے سنگھ نے ہندوستانی انتظامی سروس کے افسر نیاز خان کی طرف سے ’دی کشمیر فائلز‘ کے ہدایت کار وویک اگنی ہوتری کو دی گئی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے آج کہا کہ اگر فلم کی کمائی کشمیری پنڈتوں کو دی جاتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

دگ وجے سنگھ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ نیاز خان کی طرف سے یہ ایک اچھی تجویز ہے۔ اگر فلم کی کمائی کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی تعلیم اور ان کے مفاد کے لئے دی جاتی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ انہوں نے نیاز خان کی طرف سے کل اگنی ہوتری کو دی گئی تجویز سے متعلق ایک خبر کا لنک بھی پوسٹ کیا ہے۔ تاہم، دگ وجے سنگھ ایک بار پھر اپنے اس ٹوئٹ کو لے کر ٹرولرز کی زد میں آگئے ہیں۔


دراصل، انتظامی افسر نیاز خان گزشتہ دو دنوں سے اپنے ٹوئٹس کے تعلق سے خبروں میں ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'دی کشمیر فائلز' کی کمائی تقریباً 150 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر کو اس فلم سے حاصل ہونے والی رقم کشمیری پنڈتوں کے بچوں کی بحالی میں لگا دینی چاہیے۔ ان کےاس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے اگنی ہوتری نے کہا کہ تھا کہ نیاز خان انہیں ملاقات کا وقت دے دیں، تاکہ وہ آپس میں بات کریں گے، وہ کشمیری پنڈتوں کی کس طرح مدد کرسکتے ہیں اور نیاز خان اپنی کتابوں کی رائلٹی سے اور بطور انتظامی سروس آفیسر مدد کرسکتے ہیں۔

دو دن پہلے بھی نیاز خان نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ فلم بنانے والوں کو ملک بھر میں بڑی تعداد میں ہو رہی مسلمانوں کی نسل کشی پر بھی فلم بنانی چاہیے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا تھا کہ وہ مختلف مواقع پر ہوئی مسلمانوں کی نسل کشی پر کتاب لکھنے کا سوچ رہے ہیں، تاکہ کوئی پروڈیوسر ان کی کتاب پر بھی کشمیر فائلز جیسی فلم بنائے اور اقلیتوں کے درد کو سب کے سامنے لایا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔