یوپی اسمبلی میں گونجا الٰہ آباد یونیورسٹی میں فیس چار گنا بڑھائے جانے کا معاملہ، سماجوادی پارٹی کا واک آؤٹ

الٰہ آباد یونیورسٹی میں شروع ہونے والے نئے سیشن کے طلبا کو بڑھی ہوئی فیس کے حساب سے پیسے جمع کرنے ہوں گے، سبھی کورس میں تقریباً ایک ہزار روپے سالانہ فیس لگا کرتی تھی جو اب 4 گنا ہو گئی ہے۔

@yadavakhilesh
@yadavakhilesh
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش اسمبلی میں سماجوادی پارٹی کے اراکین کو الٰہ آباد یونیورسٹی میں زبردست فیس اضافہ کو لے کر طلبا کی تحریک کا ایشو اٹھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس سے ناراض سماجوادی پارٹی نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے واکٹ آؤٹ کیا۔

جیسے ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی، اکھلیش یادو کھڑے ہو گئے اور اس ایشو پر بولنے کی کوشش کی، لیکن اسپیکر ستیش مہانا نے انھیں بولنے کی اجازت نہیں دی۔ اس بات سے ناراض سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی نے نعرہ بازی کی اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد اکھلیش یادو کی قیادت میں سماجوادی پارٹی کے سبھی اراکین اپنے اپنے پارٹی دفتر میں واپس چلے گئے۔


واضح رہے کہ الٰہ آباد یونیورسٹی کے طلبا دو ہفتے سے زیادہ وقت سے فیس میں ہوئے اضافہ کی مخالفت کر رہے ہیں اور طلبا یونین کو پھر سے سرگرم کرنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ کئی ہاسٹل اور کیمپس کے اندر مارچ نکالنے کے بعد احتجاجی مظاہرہ تیز ہو گیا ہے۔ دراصل الٰہ آباد یونیورسٹی میں شروع ہونے والے نئے سیشن کے طلبا کو بڑھی ہوئی فیس کے حساب سے پیسے جمع کرنے ہوں گے۔ سبھی کورس میں تقریباً ایک ہزار روپے سالانہ فیس لگا کرتی تھی، جو اب چار گنا ہو گئی ہے۔ بڑھائی گئی فیس اب نئے سیشن سے قابل نفاذ ہوگی۔ اس کی مخالفت یونیورسٹی میں طلبا کے ذریعہ پرزور طریقے سے کیا جا رہا ہے۔

اس پورے معاملے میں الٰہ آباد یونیورسٹی کی وضاحت بھی سامنے آئی ہے۔ یونیورسٹی نے بتایا کہ 110 سال بعد فیس بڑھائی گئی ہے۔ 1922 میں یونیورسٹی کے قیام کے بعد سے ایگزیکٹیو کونسل نے تقریباً دو ہفتے پہلے مختلف نصابوں کے لیے فیس میں اضافہ کو منظوری دی تھی۔ یونیورسٹی نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے مطابق لائی جا رہی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے فیس میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، جس کے تحت زیادہ اساتذہ کو کام پر رکھا جانا ہے اور نئے نصاب شروع کیے جانے ہیں۔ یونیورسٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ موجودہ طلبا میں سے کوئی بھی متاثر نہیں ہوگا، کیونکہ فیس اضافہ صرف 23-2022 تعلیمی سال سے نئے داخلہ لینے والوں کے لیے نافذ ہوگی۔ حالانکہ طلبا کا سوال یہ ہے کہ ایک ہی بار فیس میں چار گنا اضافہ کتنا جائز ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔