'کامیابی کا نشہ بہت برا ہوتا ہے'، سریش رینا کی وطن واپسی پر سرینواسن کا بیان

چنئی سپر کنگز کے مالک سرینواسن کا کہنا ہے کہ کامیابی کا نشہ بہت برا ہوتا ہے، چند کھلاڑی اپنے آپ کو بہت خاص سمجھنا شروع کردیتے ہیں جیسا کہ ماضی میں اداکار کیا کرتے تھے۔

تصویر سول میڈیا ٹوئٹر
تصویر سول میڈیا ٹوئٹر
user

یو این آئی

نئی دہلی: چنئی سپر کنگز کے مالک سری نواسن نے سریش رینا کی ملک واپسی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رینا کو جلد پتہ چل جائے گا کہ وہ کیا کھو رہے ہیں۔ خاص طور پر پیسہ (سیزن میں 11 کروڑ روپے) جو انہیں ملتا ہے۔ بعض اوقات کامیابی کسی شخص کے سر پر سوار ہوجاتی ہے۔

چنئی ٹیم کے رکن سریش رینا ٹورنامنٹ چھوڑ کر واپس آگئے ہیں۔ اس کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی لیکن قیاس آرائیاں ہیں کہ کپتان مہندر سنگھ دھونی جیسے ہوٹل کا کمرہ نہ ملنے پر رینا ناخوش تھے۔ سری نواسن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ابھی سیزن شروع نہیں ہوا ہے اور رینا کو جلد پتہ چل جائے گا کہ وہ کیا کھو رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اگر آپ کسی چیز پر بضد ہیں اور خوش نہیں ہیں تو آپ واپس جا سکتے ہیں۔ میں کسی کو کچھ کرنے پر مجبور نہیں کرتا ہوں۔ دوسری جانب ایک انٹرویو میں رینا نے واضح کیا کہ ان کے بچوں سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے یہ ٹورنامنٹ بھی نہیں۔


پہلے یہ کہا جارہا تھا کہ سریش رینا ذاتی وجوہات کی بناء پر آئی پی ایل سے باہر ہوگئے ہیں لیکن اب یہ کہا جارہا ہے کہ وہ بچوں کی صحت کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے ہیں۔ ایک انٹرویو میں رینا نے واضح کیا کہ ان کے بچوں سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ رینا اور ان کی اہلیہ پرینکا کے دو بچے گریسیا (4 سال) اور ریو (5 ماہ) ہیں جن کے بارے میں رینا نے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

سرینواسن نے کہا کامیابی کا نشہ بہت برا ہوتا ہے چند کھلاڑی اپنے آپ کو بہت خاص سمجھنا شروع کردیتے ہیں جیسا کہ ماضی میں اداکار کیا کرتے تھے۔ چنئی سپر کنگز ہمیشہ ایک فیملی کی طرح رہی ہے۔ اس میں تمام سینئر کھلاڑی ایک ساتھ رہنا سیکھ چکے ہیں۔ میں نے دھونی سے بھی اس بارے میں بات کی ہے۔ انہوں نے مجھے بتایا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی کورونا مثبت آتا ہے تو پھر اس کے بارے میں فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔


رینا کی وطن واپسی کی اصل وجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہے۔ ایسا بھی بتایا گیا ہے کہ رینا کے اہل خانہ پر پنجاب کے پٹھان کوٹ میں ڈاکوؤں نے حملہ کیا تھا۔ اس کی وجہ سے وہ ملک لوٹ آئے ہیں۔ تاہم یہ حقیقت نہیں ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ 21 اگست کو متحدہ عرب امارات کی آمد کے ساتھ ہی رینا کا ہوٹل کے کمرے کے تعلق سے تنازعہ تھا۔ وہ دھونی جیسا کمرا چاہتے تھے۔ جب کہ دیگر میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اچانک کورونا کیس سامنے آنے سے وہ خوفزدہ تھے۔ 33 سالہ رینا آئی پی ایل میں اب تک سی ایس کے کے لئے 193 میچ کھیل چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 137 کے اسٹرائک ریٹ سے 5368 رنز بنائے۔ اس دوران ان کے نام 25 وکٹیں بھی درج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Aug 2020, 5:51 PM