ہندوستانی معیشت کے سامنے اب بھی چیلنجز برقرار، نرملا سیتا رمن کا اعتراف

نرملا سیتارمن نے کہا کہ "کورونا کے لیے پوری طرح سے اثردار کوئی دوا نہیں ہے۔ کورونا کے ختم ہونے کی کوئی متعین تاریخ بھی نہیں ہے اور کچھ مقامات پر لوگ ٹھیک ہونے کے بعد دوبارہ بیمار ہو رہے ہیں۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری ہے اور معیشت کی حالت بھی دن بہ دن دگر گوں ہوتی جا رہی ہے۔ ویسے تو ہندوستانی معیشت کورونا سے پہلے ہی خستہ حالی کی شکار تھی، لیکن لاک ڈاؤن اور کئی طرح کی پابندیوں کے سبب اپریل-جون سہ ماہی میں جی ڈی پی میں 23.9 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔ لوگ امید لگائے بیٹھے تھے کہ اَن لاک کا عمل شروع ہونے کے بعد حالات بہتر ہوں گے، لیکن مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ معیشت کے سامنے اب بھی چیلنجز برقرار ہیں۔

دراصل نرملا سیتارمن ایک اخبار سے بات چیت کے دوران ہندوستانی معیشت کے تعلق سے کچھ باتیں سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ "معیشت الگ طرح کے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے اور کورونا بحران کب ختم ہوگا اس سلسلے میں کچھ بھی پختہ طور پر نہیں کہا جا سکتا۔ خاص طور سے ایسی حالت میں جب کہ اس کی ویکسین نہیں آ سکی ہے، کچھ بھی کہنا جلدبازی ہوگی۔" انھوں نے مزید کہا کہ "سچ یہ ہے کہ 6 مہینے میں چیلنجز کم نہیں ہوئے ہیں بلکہ چیلنجز کا طریقہ بدل گیا ہے اور وزارت مسئلہ کے حل کے لیے تیزی سے ایکشن لے رہی ہے۔"


نرملا سیتارمن نے بتایا کہ "کورونا معاملے فی ملین کم ہوئے ہیں اور شرح اموات بھی کم ہے، اس کی وجہ لوگوں میں بیداری کا بڑھنا ہے۔ لیکن کووڈ-19 اب بھی بہت فکر کا موضوع بنا ہوا ہے۔ سوشل ڈسٹنسنگ، ماسک پہننا اور بار بار ہاتھ دھونے تک کی عادت اب بھی بنی ہوئی ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔"

کورونا کی دوا کے بارے میں بات کرتے ہوئے نرملا سیتارمن نے کہا کہ "کورونا کے لیے پوری طرح سے اثردار کوئی دوا نہیں ہے۔ کورونا کے ختم ہونے کی کوئی متعین تاریخ بھی نہیں ہے اور کچھ مقامات پر لوگ ٹھیک ہونے کے بعد دوبارہ بیمار ہو رہے ہیں۔ چھوٹے اور متوسط درجہ کی تجارت سے جڑے لوگوں کے دماغ میں کئی طرح کی غیر یقینی ہے۔ سروس سیکٹر پر اس کا زیادہ اثر پڑا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔