بنگلہ دیش میں امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے حکومت ہر ضروری قدم اٹھائے گی: فریدالحق خان

بنگلہ دیش کے وزیر مملکت فریدالحق خان نے کہا کہ حملے میں متاثر ہونے والے تمام افراد کی مدد کی جائے گی، جن کاروبار اور اداروں کو نقصان پہنچا ہے انہیں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

بنگلہ دیش میں مندروں کی توڑ پھوڑ
بنگلہ دیش میں مندروں کی توڑ پھوڑ
user

یو این آئی

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے مذہبی امور کے وزیر مملکت محمد فریدالحق خان نے کہا ہے کہ ایک مخصوص گروہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے یہاں مختلف فرقوں کے درمیان امن کی فضا کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ حال ہی میں یہاں درگا پوجا کے دوران ہندو برادری پر مبینہ طور پر حملے ہوئے ہیں۔ ان گھناؤنے کاموں میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور جلد ہی ان کے خلاف دوبارہ کارروائی شروع کی جائے گی۔

محمد فرید الحق خان نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیر مملکت نے یہ بات منگل کی سہ پہر دارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش سکریٹریٹ میں اپنے دفتر کے کمرے میں ایک پریس بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں متاثر ہونے والے تمام افراد کی مدد کی جائے گی۔ جن کاروبار اور اداروں کو نقصان پہنچا ہے انہیں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔


وزیر مملکت نے کہا کہ یہ پہلے سے منصوبہ بند حملہ انتہا پسندوں نے کیا ہے، جس میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو سب سے زیادہ ٹھیس پہنچی ہے۔ حملے میں تباہ ہونے والے مندروں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے لیے مقامی انتظامیہ، سیاسی رہنماؤں اور مختلف مذہبی تنظیموں کو مل کر کام کرنے کے لیے آگے آنا ہوگا۔

محمد فریدالحق خان نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مندروں، کاروباروں، افراد اور درگا پوجا کے دوران تشدد سے متاثر ہونے والوں کی فہرست متعلقہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے ذریعے جمع کی جائے گی۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے موضوع پر انتظامیہ نچلی سطح پر سیاسی رہنماؤں اور مذہبی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرے گی اور متاثرہ اداروں اور افراد سے تبادلہ خیال کرے گی۔


اس معاملے میں درج ایف آئی آر کی سماعت میں تیزی لانے کے لیے وزارت داخلہ کے ذریعے بھی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے مسلم، ہندو، بودھ اور عیسائی برادریوں کی مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ/بین المذاہب مکالمہ بھی منعقد کیا جائے گا۔ واحد تعلیمی نظام شروع کرنے کی پہل وزارت تعلیم کے ذریعے کی جائے گی۔

اس میٹنگ میں ریاستی لوکل گورنمنٹ، دیہی ترقی اور تعاون کے وزیر سوپن بھٹاچاریہ، ایم پی بیرین سکدر، ایم پی منورنجن شیل گوپال، ایم پی اسیم کمار اوکِل، ایم پی پنکج دیبناتھ، مذہبی امور کے ایڈیشنل سکریٹری ایم اے اول حولدار، وزارت مذہبی امور (تنظیم اور قانون )کے ڈپٹی سکریٹری اور ہندو دھارمک ٹرسٹ کے سکریٹری محمد منعم حسن خان اور ڈھاکہ مہانگر پوجا اتسو پریشد کے نائب صدر شیلند ناتھ مجمدار بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔