حکومت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ کسان گھر واپس چلا جائے گا: راکیش ٹکیت

ایک طرف کسان لیڈر راکیش ٹکیت بغیر قانون واپسی کے گھر واپس جانے کو تیار نہیں ہیں، اور دوسری طرف مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر کا کہنا ہے کہ قانون واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
راکیش ٹکیت، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

تین زرعی قوانین کے خلاف دہلی بارڈر پر جاری کسانوں کی تحریک ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، اور مرکزی حکومت و کسانوں کی روش کو دیکھ کر لگتا ہے کہ آنے والے کئی مہینوں تک یہ تحریک جاری رہنے والی ہے۔ اس درمیان ٹیکری بارڈر پر ہوئی موت کے واقعہ پر کسان لیڈر راکیش ٹکیت کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ’’اسے قتل نہیں کہہ سکتے۔ ایک بیان اس نے سرپنچ کو دیا، کہا کہ تیل گرا کر آگ لگائی۔ دوسرا مرنے والے کا ہی ایک بیان ہے جس میں کہا گیا کہ میرا گھر سے جھگڑا ہو رہا تھا اور میں خود پٹرول لایا۔ اس کی پٹرول لانے کی فوٹیج بھی ہے۔ اس کی جانچ ہونی چاہیے۔‘‘

راکیش ٹکیت نے اس طرح کے واقعات سے کسان تحریک پر کوئی اثر نہ پڑنے کی بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت ہند کو شرم نہیں آتی؟ ہم کہاں بیٹھیں؟ ہمارا کوئی گھر ہے وہاں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت اپنے دماغ سے یہ غلط فہمی نکال دے کہ کسان بغیر قانون واپسی کے گھر واپس چلا جائے گا۔‘‘


واضح رہے کہ کسان لیڈران ایک بار پھر مرکزی حکومت سے زرعی قوانین کو لے کر تبادلہ خیال کی بات کہہ رہے ہیں، لیکن مرکزی وزیر زراعت نریندر تومر نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ قانون واپسی کا کوئی سوال نہیں اٹھتا، اگر اس مطالبہ کو چھوڑ کر کوئی دوسرا راستہ نکالنا چاہیں تو کسان لیڈروں سے بات چیت کی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔