اتر پردیش میں جنگل راج کا چہرہ بے نقاب: دانش علی

دانش علی نے کہا کہ اگر غازی آباد پولیس باخبر ہوتی تو صحافی وکرم جوشی کے قتل کو ٹالا جاسکتا تھا۔ کانپور ہو یا غازی آباد، اتر پردیش حکومت نے ہر شہر کو غنڈوں اور مافیاؤں کے حوالے کردیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر اور لوک سبھا کے ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی نے صحافی وکرم جوشی کے قتل کے پیش نظر اتر پردیش کی یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ہر شہر غنڈوں اور مافیا کے حوالے کر کے ریاست کو جنگل راج میں تبدیل کردیا ہے۔

امروہہ کے ممبر پارلیمنٹ دانش علی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے اتر پردیش میں لاء اینڈ آرڈر کی خراب صورتحال پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ اگر غازی آباد پولیس باخبر ہوتی تو صحافی وکرم جوشی کے قتل کو ٹالا جاسکتا تھا۔ کانپور ہو یا غازی آباد، اتر پردیش حکومت نے ہر شہر کو غنڈوں اور مافیاؤں کے حوالے کردیا ہے۔ حکومت اور پولیس اس وقت جاگتی ہے جب غنڈے اور بدمعاش اپنا کام انجام دے کر جا چکے ہوتے ہیں۔ ریاست میں جنگل راج آ گیا ہے۔


یہ بات قابل ذکر ہے کہ صحافی وکرم جوشی کو غازی آباد کے وجے نگر علاقے میں نامعلوم بدمعاشوں نے گولی مار کر زخمی کر دیا تھا، جن کا آج صبح اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ صحافی نے بھانجی سے بدتمیزی کرنے والے نوجوانوں کی پولیس میں شکایت کی تھی۔ جس وقت جوشی کو گولی ماری گئی اس وقت وہ اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ فائرنگ کا سارا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا تھا۔ پولیس اس معاملے میں نو افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔