ڈاکٹر جاوید علی جیسے شہیدوں کے اہل خانہ کی مدد کرے حکومت: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہا یہ وقت ان شہیدوں کے کنبوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ سرکار کو ڈاکٹر جاوید کے کنبہ کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔

پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جنوبی دہلی کے ایک کووڈ-19 کیئر سینٹر میں کام کرتے ہوئے وبا کی زد میں آنے سے شہید ہونے والے ڈاکٹر جاوید علی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو بھی تمام ضروری مدد کرنے کی حکومت سے درخواست کی ہے۔

پرینکا گاندھی نے بدھ کے روز ٹوئٹ کیا ’’ڈاکٹر جاوید علی اور تمام ڈاکٹرز جان کی بازی لگا کر اس بحران میں اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید کے بارے میں یہ افسوسناک اطلاع ملی۔ وہ ٹھیکے پر اپنی خدمات دے رہے تھے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے کہا ’’یہ وقت ان شہیدوں کے کنبوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا ہے ۔ سرکار کو ڈاکٹر جاوید کے کنبہ کی ہر ممکن مدد کرنی چاہئے ‘‘

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر پوسٹ کی ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر جاوید علی جنوبی دہلی کے ایک کووڈ اسپتال میں ٹھیکے پر کام کر رہے تھے اور وہ مارچ سے ہی مریضوں کی نگرانی کر رہے تھے، کورونا کی زد میں آنے کے بعد وہ شہید ہو گئے۔


واضح رہے کہ ڈاکٹر جاوید علی (42) نے ساؤتھ دہلی کے چھترپور میں ایک کوارنٹائن سینٹر میں خدمات انجام دی تھیں، بعد میں انہوں نے رادھا سوامی کووڈ کیئر سینٹر اور پشپ وہار میں واقع سیرو سرولانس سینٹر میں بھی خدمات انجام دیں۔ گزشتہ 10 دنوں سے وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ ڈاکٹر جاوید کی بیوی حنا کوثر ہریانہ کے ایک نجی اسپتال میں گائیکونولاجسٹ کے طور پر کام کرتی ہیں۔ ان کے بیٹے کی عمر 6 سال جبکہ بیٹی کی عمر 12 سال ہے۔

ڈاکٹر حنا کوثر نے کہا، ’’مجھے اپنے شوہر پر فخر ہے۔ انہوں نے آخری سانس تک اپنے فرض کو انجام دیا۔ وہ واقعی میں ایک جنگجو تھے۔ انہوں نے مارچ کے بعد سے ایک بھی چھٹی نہیں لی، یہاں تک کہ عید کے دن بھی کام کیا۔ وہ نجی اسپتال میں تھے اور علاج کے لئے پالیسی حاصل نہیں تھی، ایسے حالات میں ہمارے تقریباً 6 لاکھ روپے خرچ ہو گئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Jul 2020, 12:57 PM