بی جے پی کا انتخابی چندہ 87 فیصد اضافہ کے ساتھ 3967 کروڑ روپے تک پہنچا، الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف

لوک سبھا انتخابات 2024 سے قبل بی جے پی کا انتخابی چندہ پچھلے سال کے مقابلے میں 87 فیصد بڑھ کر 3,967.14 کروڑ روپے تک پہنچ گیا، تاہم انتخابی بانڈز کے ذریعے چندے کی آمدنی کم ہو گئی

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی نے انتخابی چندہ کمانے میں لمبی چھلانگ لگائی ہے اور اس کا چندہ تقریباً چار ہزار کروڑ تک پہنچ گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کو اس حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے، جس میں سیاسی جماعتوں کو انتخابی چندے سے ہونے والی آمدنی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کو ڈونیشن پچھلے سال کے مقابلے میں 87 فیصد بڑھ کر 3,967.14 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ تاہم، انتخابی بانڈز کے ذریعے چندہ کم ہو کر آدھے سے بھی کم ہو گیا۔ 2023-2024 کی بی جے پی آڈٹ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ چندہ دینے والوں کا تعاون 2022-2023 میں 2,120.06 کروڑ روپے سے بڑھ کر 2023-2024 میں 3,967.14 کروڑ روپے ہو گیا۔


ای سی آئی رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کو انتخابی بانڈ کے طور پر 1,685.62 کروڑ روپے ملے، جو کہ کل چندے کا 43 فیصد ہے۔ 2022-2023 میں پارٹی کو انتخابی بانڈ کے ذریعے 1,294.14 کروڑ روپے ملے تھے، جو کل تعاون کا 61 فیصد تھا۔ پچھلے سال فروری میں، سپریم کورٹ نے انتخابی بانڈ اسکیم کو منسوخ کر دیا تھا اور اسے غیر آئینی قرار دیا تھا۔ انتخابی بانڈ اسکیم بی جے پی ہی نے متعارف کرائی تھی۔ اپوزیشن نے اس پر انتخابی رشوت لینے کا الزام عائد کیا تھا۔ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ بی جے پی کو ایسی کمپنیوں سے چندہ ملا تھا جن کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس میں تحقیقات چل رہی تھیں۔ بعد میں یہ معاملات رفع دفع ہو گئے۔

بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات میں پچھلے انتخابات سے زیادہ پیسہ خرچ کیا۔ رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کا انتخابی خرچ پچھلے سال کے 1,092.15 کروڑ روپے سے بڑھ کر 1,754.06 کروڑ روپے ہو گیا۔ ان میں سے 591.39 کروڑ روپے اشتہارات اور تشہیر پر خرچ کیے گئے۔ بی جے پی کے مقابلے میں کوئی دوسری پارٹی انتخابی خرچ میں اتنا نہیں کر سکی۔ اس نے نہ صرف لوک سبھا انتخابات جیتنے کے لیے، بلکہ ہریانہ اور مہاراشٹر میں بھی پیسہ بے تحاشا خرچ کیا۔


کانگریس بھی ڈونیشن حاصل کرنے میں بی جے پی کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، مگر دونوں کے ملنے والے پیسوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ رپورٹ سے پتا چلا ہے کہ کانگریس کا انعام/ڈونیشن/شراکت 2022-2023 میں 268.62 کروڑ روپے سے 320 فیصد بڑھ کر 2023-2024 میں 1,129.66 کروڑ روپے ہو گیا۔ تاہم یہ بی جے پی کے 3,967.14 کروڑ روپے کے مقابلہ میں کافی کم ہے۔

کانگریس کے کل چندے میں انتخابی بانڈ کا حصہ 828.36 کروڑ روپے ہے، جو 73 فیصد بنتا ہے، جو 2022-2023 میں 171.02 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ کانگریس کا انتخابی خرچ پچھلے سال کے 192.55 کروڑ روپے سے بڑھ کر 619.67 کروڑ روپے ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔