الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹ سے حذف 47 لاکھ ناموں کا بریک اَپ دینا چاہیے، بتانا چاہیے کہ اس میں کتنے مردہ ہیں: کانگریس

منیش تیواری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بہار کے ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے 47 لاکھ ناموں کا بریک اَپ دینا چاہیے اور بتانا چاہیے کہ اس فہرست میں کتنے لوگ مردہ ہیں اور کتنے لوگ دوسری ریاستوں میں چلے گئے ہیں۔

منیش تیواری
i
user

قومی آواز بیورو

الیکشن کمیشن نے بہار میں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہونے کے بعد 30 ستمبر کو حتمی ووٹر لسٹ جاری کر دی۔ اس میں مجموعی طور پر 7.42 کروڑ ووٹرس شامل ہیں۔ اس ووٹر لسٹ سے تقریباً 47 لاکھ ووٹرس کے نام حذف کر دیے گئے ہیں۔ ووٹر لسٹ میں حذف کردہ ناموں پر اب سیاسی ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ کانگریس لیڈر منیش تیواری نے سوشل میڈیا کے ذریعہ الیکشن کمیشن سے سوال کیا ہے کہ بہار کی حتمی ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے 47 لاکھ ووٹرس کون ہیں؟

کانگریس لیڈر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے 47 لاکھ ناموں کا بریک اَپ دینا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو بتانا چاہیے کہ اس لسٹ میں شامل کتنے لوگ مردہ ہیں اور کتنے لوگ دوسری ریاستوں میں چلے گئے ہیں۔ منیش تیواری نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کو عوام کا بھروسہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے یہ کرنا ضروری ہے۔


واضح رہے کہ بہار کی ووٹر لسٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ جاری اس تازہ ووٹر لسٹ میں 47 لاکھ ووٹرس کا نام ہٹائے جانے کے ساتھ ساتھ تقریباً 21 لاکھ اہل ووٹرس کا نام جوڑا بھی گیا ہے۔ اس کے بعد ہی ووٹرس کی مجموعی تعداد 7.42 کروڑ ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کا عمل 24 جون کو شروع کیا تھا جو 30 ستمبر تک چلا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے حتمی ووٹر لسٹ اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کر دی۔

بڑی تعداد میں ووٹرس کے نام حذف کیے جانے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس ووٹر لسٹ سے غریبوں اور خواتین کے نام ہٹائے گئے ہیں، انھیں حق رائے دہی سے محروم کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے الیکشن کمیشن و بی جے پی کے درمیان سانٹھ گانٹھ کا بھی الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشاروں پر کام کرتی ہے اور بی جے پی کے کہنے پر انھوں نے بہار میں ایس آئی آر کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔