عآپ کے ساتھ جھگڑے کے بعد دہلی ایل جی نے اعلیٰ عہدیدار کے دفتر پر لگایا تالا

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے ایل جی سے جاسمین شاہ کی شکایت کی تھی اور کہا تھا کہ جاسمین شاہ ڈائیلاگ اینڈ ڈیولپمنٹ کمیشن کی وائس چیئرمین ہیں لیکن وہ عآپ کی ترجمان کے طور پر کام کر رہی ہیں

ونے کمار سکسینہ/ تصویر ٹوئٹر
ونے کمار سکسینہ/ تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے ڈی ڈی سی کی وائس چیئرمین جاسمین شاہ کو دستیاب تمام سرکاری خدمات اور سہولیات پر فوری اثر سے پابندی لگا دی ہے۔ جاسمین شاہ کے دفتر کو فوری تالا لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جاسمین شاہ کو دی گئی سرکاری گاڑی اور عملہ بھی فوری واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے۔

ڈائیلاگ اینڈ ڈیولپمنٹ کمیشن (ڈی ڈی سی) دہلی حکومت کا ایک تھنک ٹینک ہے اور جاسمین شاہ اس کی وائس چیئرمین ہیں۔ اس کے علاوہ وہ عام آدمی پارٹی کی لیڈر بھی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے ایسا حکم کیوں دیا ہے۔ گزشتہ ماہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پرویش ورما نے لیفٹیننٹ گورنر سے جاسمین شاہ کی شکایت کی تھی اور کہا تھا کہ جاسمین شاہ ڈائیلاگ اینڈ ڈیولپمنٹ کمیشن کی وائس چیئرمین ہیں لیکن عام آدمی پارٹی کی ترجمان کے طور پر کام کر رہی ہیں، جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔


اسی بنیاد پر لیفٹیننٹ گورنر نے جاسمین شاہ کو نوٹس بھیج کر جواب طلب کیا تھا۔ اس کے جواب میں جاسمین شاہ نے کہا تھا کہ یہ عہدہ وزارتی رینک کا ہے اور صرف وزیر اعلیٰ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ اب اس پیش رفت کے بعد ایک بار پھر عام آدمی پارٹی اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان جنگ تیز ہو جائے گی۔ دہلی حکومت سپریم کورٹ میں بھی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */