جس دن راہل گاندھی ملک کی قیادت کریں گے، اس دن پاکستان مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا حصہ بن جائے گا: پرمود تیواری
کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کا کہنا ہے کہ ’’راہل گاندھی کے پاس طاقت، ہمت اور عزم ہے۔ جس دن وہ اس ملک کی قیادت کریں گے، اس دن پاکستان مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر ہندوستان کا حصہ بن جائے گا۔‘‘

پرمود تیواری / ویڈیو گریب
’’جس دن راہل گاندھی کے ہاتھ میں ملک کا اقتدار ہوگا، اور انھیں ہندوستان کے لیے فیصلے لینے کا اختیار ہوگا، اس دن پاکستان کے قبضے والا کشمیر ہندوستان کا حصہ ہوگا۔ یہ میرا یقین ہے، کیونکہ وہ بہت پُرعزم شخص ہیں۔‘‘ یہ بیان 30 مئی کو کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری نے میڈیا کے سامنے دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ ایسا ہی بیان گزشتہ دنوں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے بھی دیا تھا۔
پرمود تیواری نے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کو ایک ’باہمت لیڈر‘ بتایا۔ انھوں نے کہا کہ میں صاف طور پر پورے اعتماد کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ راہل گاندھی نے، خاص طور سے کنیاکماری سے کشمیر تک اپنی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے بعد، خود کو ایک بہادر، پُرعزم اور باہمت لیڈر کی شکل میں قائم کیا ہے۔ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ان کے پاس طاقت، ہمت اور عزم ہے۔ جس دن وہ اس ملک کی قیادت کریں گے، اس دن پاکستان مقبوضہ کشمیر آزاد ہو جائے گا اور ہندوستان کا حصہ بن جائے گا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ایسا ہوگا۔‘‘
پرمود تیواری سے قبل تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے حیدر آباد کے نظام پیٹ میں کانگریس کی ’جئے ہند یاترا‘ پروگرام کے دوران کچھ ایسا ہی تبصرہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ اگر راہل گاندھی ہوتے تو وہ حالات کو الگ طرح سے ہینڈل کرتے۔ اگر راہل گاندھی وزیر اعظم ہوتے، تو وہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کو واپس لے آتے۔ پی ایم مودی کے تعلق سے ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ وہ 1000 روپے کے ایکسپائر نوٹ کی طرح ہیں۔ ہمیں راہل گاندھی جیسے لیڈران کی ضرورت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔