ہماچل پردیش کو قومی راجدھانی دہلی سے جوڑے گی ملک کی چوتھی ’وندے بھارت‘ ایکسپریس، وزیر اعظم مودی کل کریں گے افتتاح

چوتھی وندے بھارت ایکسپریس کو وزیر اعظم نریندر مودی ہماچل پردیش کے اونا سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو اس گاڑی پر سوار ہو کر نئی دہلی پہنچیں گے۔

وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کل یعنی جمعرات کو ملک کی چوتھی وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ یہ نئی ٹرین قومی راجدھانی دہلی کو ہماچل پردیش سے جوڑے گی اور پنجاب میں کرتپور صاحب اور آنند پور صاحب جیسے سکھ مذہبی مقامات اور ماتا جوالا دیوی اور ماتا چنتپورنی جیسے ہندو مذہبی مقامات سے ہو کر گزرے گی۔

چوتھی وندے بھارت ایکسپریس کو وزیر اعظم نریندر مودی ہماچل پردیش کے اونا سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو اس گاڑی پر سوار ہو کر نئی دہلی پہنچیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ 30 ستمبر کو تیسری وندے بھارت ایکسپریس کا افتتاح کیا گیا تھا، جو گاندھی نگر سے ممبئی کے درمیان خدمات انجام دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس ٹرین پر گاندھی نگر کے کیپیٹل اسٹیشن سے احمد آباد کے درمیان سفر کیا تھا۔


وندے بھارت ایکسپریس کی تیسری اور چوتھی ریک چنئی میں واقع انٹیگرل کوچ فیکٹری (آئی سی ایف) میں تیار کئی گئی ہیں۔ پہلے مرحلہ کی ٹرین کی رفتار سے اس مرحلہ کی ٹرین کی رفتار میں بہتری آئی ہے اور نئی ٹرین 180 کلو میٹر فی گھنٹے سے زائد کی رفتار سے چلنے کی اہل ہے۔

اونا پنجاب کی سرحد سے ملحق ایک صنعتی شہر ہے۔ اس گاڑی کے چلنے سے ہریانہ، پنجاب اور ہماچل پردیش کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقہ چنڈی گڑھ کو بھی فائدہ ہوگا۔ تصور کیا جا رہا ہے کہ 385 کلومیٹر کی مسافت طے کرنے والی یہ ٹرین مسافروں میں بہت مقبول اور کامیاب رہے گی۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */