موہن بھاگوت سے ملاقات کے بعد امام عمیر احمد الیاسی کو جان سے مارنے کی دھمکی! مرکز نے دی ’وائی پلس‘ سیکورٹی

عمیر احمد الیاسی نے فون اور سوشل میڈیا پر دھمکی ملنے کی بات کہی تھی، وہ حال ہی میں پی ایف آئی پر پابندی کی حمایت بھی کر چکے ہیں اس لیے انھیں جان کو خطرہ بتایا جا رہا ہے۔

عمیر احمد الیاسی اور موہن بھاگوت
عمیر احمد الیاسی اور موہن بھاگوت
user

قومی آوازبیورو

موہن بھاگوت نے جب سے آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے چیف ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی ہے، ایک طبقہ نے عمیر احمد الیاسی کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔ انھیں دھمکی بھرے کچھ فون بھی آئے جس کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے عمیر احمد الیاسی کو سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے عمیر احمد الیاسی کو وائی پلس کیٹگری کی سیکورٹی مہیا کرائی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عمیر احمد الیاسی اور موہن بھاگوت کی ملاقات پر کچھ لوگ اس وقت انگلی اٹھانے لگے تھے جب اس ملاقات کے بعد عمیر احمد الیاسی نے بھاگوت کو ’راشٹرپتا‘ بتایا تھا۔ خصوصی ذرائع کے حوالے سے آ رہی خبروں کے مطابق الیاسی کے اس بیان کے بعد سے ہی انھیں لگاتار دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس کی رپورٹ خفیہ ایجنسی انٹلیجنس بیورو نے وزارت داخلہ کو دی تھی۔ بعد ازاں وزارت داخلہ نے انھیں وائی پلس کیٹگری کی سیکورٹی دینے کا فیصلہ کیا۔


بتایا جاتا ہے کہ عمیر احمد الیاسی نے سوشل میڈیا پر بھی دھمکی ملنے کی بات کہی تھی۔ چونکہ وہ حال ہی میں پی ایف آئی پر پابندی کی حمایت بھی کر چکے ہیں اس لیے انھیں جان کو خطرہ بتایا جا رہا ہے۔ انہی سب وجوہات کو دیکھتے ہوئے مرکز نے عمیر احمد الیاسی کو سیکورٹی مہیا کرنے کا فیصلہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔