بھومی پوجن: رام مندر کے بڑے پجاری ستیندر داس اچانک 'کوارنٹائن'!

گزشتہ ہفتہ رام مندر کے بڑے پجاری آچاریہ ستیندر داس کے شاگرد پردیپ داس کورونا پازیٹو پائے گئے تھے، اور آج جب سی ایم یوگی تیاریوں کا جائزہ لینے ایودھیا پہنچے تو ستیندر داس کو بھی کوارنٹائن کر دیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ایودھیا میں 5 اگست کو ہونے والے رام مندر کے بھومی پوجن پروگرام سے 2 دن قبل آج رام جنم بھومی مندر کے بڑے پجاری آچاریہ ستیندر داس کو ہوم کوارنٹائن میں بھیج دیا گیا ہے۔ تین دن قبل رام جنم بھومی مندر میں ان کے شاگرد پردیپ داس کورونا انفیکشن کے شکار پائے گئے تھے جس کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ اب 5 اگست کو ہونے والا بھومی پوجن ستیندر داس کے ہاتھوں نہیں ہوگا۔

آچاریہ ستیندر داس نے آج خود اس سلسلے میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ "میرے شاگرد پردیپ داس 30 جولائی کو کورونا انفیکشن کے شکار ہو گئے تھے۔ اس کے بعد ٹرسٹ نے مجھ سے کہا کہ میں تین دن مندر میں داخل نہ ہوؤں۔ میں بھومی پوجن نہیں کروں گا۔ بھومی پوجن تقریب کے لیے دیگر پجاری کام کر رہے ہیں۔" فی الحال ٹرسٹ اراکین نے اس مسئلہ پر کچھ بھی بولنے سے انکار کر دیا ہے۔


غور طلب ہے کہ اس سے قبل گزشتہ ہفتہ جمعرات کو رام جنم بھومی مندر کے بڑے پجاری آچاریہ ستیندر داس کے شاگرد پردیپ داس کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔ ان کے ساتھ ہی رام جنم بھومی احاطہ کی سیکورٹی میں لگے 16 پولس اہلکار کی بھی جانچ رپورٹ پازیٹو آئی تھی، جس کے بعد آناً فاناً میں سبھی کو کوارنٹائن کر دیا گیا تھا۔

اس خبر کے پھیلنے کے بعد سے ہی بھومی پوجن سے جڑے لوگوں میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا تھا۔ اسی درمیان آج بھومی پوجن تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لینے خود وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایودھیا پہنچے اور اسی دوران بڑے پجاری آچاریہ ستیندر داس کو بھی کوارنٹائن کر دیا گیا۔ حالانکہ مجوزہ بھومی پوجن سے پہلے ایودھیا میں 200 لوگوں کی کورونا جانچ میں ستیندر داس کی رپورٹ نگیٹو آئی تھی۔ اس کے باوجود شاگرد کے پازیٹو آنے کے چار دن بعد انھیں بھی کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے 5 اگست کو بھومی پوجن پروگرام ہونے والا ہے۔ اس پروگرام میں پی ایم مودی، یو پی سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ سمیت 200 لوگ شامل ہونے والے ہیں۔ کورونا وبا کے سبب بھومی پوجن پروگرام کے لیے صرف چنندہ لوگوں کو ہی مدعو کیا گیا ہے۔ پروگرام کے دوران بیٹھنے کے لیے سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ 50-50 لوگوں کے الگ الگ بلاک کا انتظام ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Aug 2020, 8:25 PM