کورونا کے معاملوں میں اچانک تیزی، فوری اقدامات کئے جائیں، مرکزی حکومت کی 8 ریاستوں کو ہدایت

جن ریاستوں میں کورونا کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ان میں ہریانہ، دہلی، گجرات، جھارکھنڈ، تمل ناڈو، مغربی بنگال، کرناٹک اور مہاراشٹر شامل ہیں

کورونا جانچ کے لیے سیمپل
کورونا جانچ کے لیے سیمپل
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس اور اس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے ملک کی آٹھ ریاستوں کو خط لکھ کر کورونا اور اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے کہا ہے کہ کورونا بحران کے پیش نظر فوری طور پر احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔

این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ مرکز کی صلاح ہے کہ شرح اموات میں اضافہ کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ دہلی میں نافذ العمل گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) ماڈل کو ملک بھر میں نافذ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔


خیال رہے کہ کچھ دن پہلے تک ملک بھر سے کورونا کے 6 ہزار کے قریب نئے کیسز درج کئے جا رہے تھے لیکن گزشتہ روز ملک بھر سے 13 ہزار سے زیادہ معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس رفتار سے کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے سبب ملک میں کورونا کی تیسری لہر محسوس کی جانے لگی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کورونا کے 13154 نئے کیسز سامنے آئے۔ جس کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 34822040 ہو گئی ہے۔ اس دوران 268 مریض جان بحق ہو گئے، جس کے بعد اب تک اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 480860 ہو گئی۔ وہیں، جمعرات کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک اومیکرون کے کل 961 معاملے درج کیے گئے ہیں۔


گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7 ہزار 486 مریض صحت یاب ہونے کے بعد اس وبا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد 3 کروڑ 42 لاکھ 58 ہزار 778 ہو گئی ہے۔ اس عرصے کے دوران فعال معاملات 5400 سے بڑھ کر 82,402 ہو گئے۔ ملک میں صحت یاب ہونے کی شرح 98.38 فیصد، فعال معاملوں کی شرح 0.24 فیصد اور اموات کی شرح 1.38 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔