رام مندر کو لے کر بڑی خبر آئی سامنے، اکتوبر تک تکمیل کو پہنچ جائے گا ’بنیاد‘ کا کام

رام مندر کے لیے برسوں تک رام بھکتوں سے اکٹھا کی گئی اینٹوں کے بارے میں پوچھنے پر وی ایچ پی کے قومی ترجمان نے کہا کہ ان کا استعمال اہم ڈھانچوں میں نہیں بلکہ احترام کے ساتھ مناسب مقامات پر کیا جائے گا۔

5 اگست 2020 کو رام مندر کا سنگ بنیاد رکھتے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر
5 اگست 2020 کو رام مندر کا سنگ بنیاد رکھتے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ایودھیا میں رام مندر کی بنیاد امسال اکتوبر تک اور ’گربھ گرہ‘ کی تعمیر 2023 کی آخر تک مکمل ہو جائے گی۔ یہ اہم جانکاری وی ایچ پی کے قومی ترجمان ونود بنسل نے دی ہے۔ انھوں نے خبر رساں ادارہ یو این آئی کو بتایا کہ بنیادی ڈھانچہ تیار ہونے کے بعدشری رام کے شاندار مندرکی تعمیرات کے کام میں مزید تیزی آئے گی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال پانچ اگست کو رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

آج ونود بنسل نے رام مندر تعمیر کے تعلق سے تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مندر تعمیر کا کام 2025 تک پورا ہوگا لیکن لوگوں کو درشن پوجن کا موقع اس سے قبل مل سکتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) اور دیگر ماہرین کی صلاح کے مطابق مندر کی تعمیر اسپیشل ٹیکنالوجی سے کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ ایک ہزار سال تک اسے کسی طرح سے نقصان ہونے کا اندیشہ نہیں رہے گا۔


وی ایچ پی قومی ترجمان کے مطابق مندر کی تعمیر کے کام میں اینٹ، سیمنٹ یا لوہے کا استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ مندر کی تعمیر راجستھان کے مخصوص پتھروں، فلائی ایش اور سیمنٹ سے کی جا رہی ہے۔ مندر کے لیے برسوں تک رام بھکتوں سے اکٹھا کی گئی اینٹوں کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ ان کا استعمال اہم ڈھانچوں میں نہیں بلکہ احترام کے ساتھ مناسب مقامات پر کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔