’ہندو نہیں، ملک خطرے میں ہے‘، مودی حکومت پر یوتھ کانگریس صدر کا حملہ

یوتھ کانگریس صدر سرینواس نے کہا کہ ’’جب جب مودی حکومت ڈرتی ہے، وہ پولیس کو آگے کرتی ہے، لیکن کانگریس پولیس سے ڈرنے والی نہیں، وہ عوام کے حق میں لڑائی ہمیشہ جاری رکھے گی۔‘‘

تصویر ٹوئٹر @IYC
تصویر ٹوئٹر @IYC
user

تنویر

پیگاسس، مہنگائی اور پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کو لے کر کانگریس لگاتار آواز اٹھا رہی ہے اور مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ آج یوتھ کانگریس صدر سرینواس کی قیادت میں بڑی تعداد میں یوتھ کانگریس لیڈران و کارکنان پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے کے مقصد سے سڑک پر نکلے اور مودی حکومت کے عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوتھ کانگریس صدر نے کہا کہ ’’جب مودی حکومت سے کسی بھی ایشو پر سوال کیا جاتا ہے تو وہ جواب دینے کی جگہ ’ہندو خطرے میں ہے‘ بولنے لگتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ہندو نہیں، ملک خطرے میں ہے۔‘‘

یوتھ کانگریس صدر سرینواس نے کہا کہ پیگاسس ایشو کو لے کر مودی حکومت خاموش ہے، مہنگائی کو لے کر بھی وہ کچھ نہیں بول رہی ہے۔ حکومت کے اس رویے کی وجہ سے ملک کے نوجوان، کسان اور غریبوں پر خطرہ لاحق ہے۔ نریندر مودی جب وزیر اعظم بنے تھے تو کہا تھا کہ جھولا لے کر آئے ہیں اور جھولا لے کر چلے جائیں گے، لیکن وہ ہندوستانی عوام کے ہاتھوں میں جھولا کیوں تھما رہے ہیں، کیوں مہنگائی بڑھا کر غریبوں کو مزید غریب کر رہے ہیں۔


پارلیمنٹ گھیراؤ کے لئے یوتھ کانگریس کے اعلان کے بعد کانگریس کارکنان کو پارلیمنٹ تک پہنچنے سے پولیس کے ذریعہ روکے جانے کا الزام بھی یوتھ کانگریس صدر سرینواس نے عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ رات میں ہی ان کانگریس کارکنان کو ہوٹلوں سے نکالا گیا جو آج پارلیمنٹ گھیراؤ میں حصہ لینے والے تھے، لیکن پولیس کے لاٹھی ڈنڈوں سے یوتھ کانگریس کے نوجوان ڈرنے والے نہیں۔ یوتھ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ جب جب مودی حکومت ڈرتی ہے، وہ پولیس کو آگے کرتی ہے۔ لیکن کانگریس پولیس سے ڈرنے والی نہیں، وہ عوام کے حق میں لڑائی ہمیشہ جاری رکھے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔