وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کرنے والا بمشکل قابو میں آیا، تھپڑ مارنے کے ساتھ ساتھ بال بھی پکڑ کر کھینچے
ملزم کی ماں کا کہنا ہے کہ وہ بے گھر کتوں سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر مایوس ہو کر دہلی گیا تھا۔ وہ کئی سال سے پڑوسیوں سے روٹیاں اکٹھا کر کے کتوں کو کھلاتا تھا۔

دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کرنے والا حراست میں لیا جا چکا ہے اور اس سے پولیس پوچھ تاچھ بھی کر رہی ہے۔ دھیرے دھیرے اس ملزم سے متعلق کئی طرح کی جانکاریاں سامنے آ رہی ہیں اور یہ بھی خبر سامنے آئی ہے کہ ملزم نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو صرف تھپڑ ہی نہیں مارا، بلکہ انھیں دھکا بھی دیا اور بال بھی پکڑ کر کھینچے۔ ملزم پر وہاں موجود لوگوں نے بمشکل قابو پایا۔ ملزم نے وزیر اعلیٰ پر حملہ کیوں کیا، اس سلسلے میں مصدقہ طور پر کچھ بھی نہیں کہا جا رہا ہے لیکن مختلف طرح کی جانکاریاں ضرور سامنے آ رہی ہیں۔
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریکھا گپتا جب لوگوں سے مخاطب تھیں، تبھی ایک شخص نے ریکھا گپتا کو پہلے تھپڑ رسید کیا، پھر ان کی طرف جھپٹا اور دھکا دے دیا۔ پیچھے دیوار ہونے کی وجہ سے ریکھا گپتا گرنے سے بچ گئیں، لیکن اس درمیان ملزم نے ان کے بال پکڑ لیے اور کھینچنے لگا۔ اس دوران وہاں موجود لوگوں نے ملزم کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ ملزم کے ہاتھوں پر لوگوں نے مارا تاکہ وہ بال چھوڑ دے۔ وزیر اعلیٰ رہائش میں تقریباً ایک منٹ تک یہ ہنگامہ ہوتا رہا۔
بہرحال، بتایا جاتا ہے کہ ملزم گجرات کے راجکوٹ کا رہنے والا ہے۔ اس کی عمر 41 سال ہے۔ وہ مویشیوں، خصوصاً کتوں سے انتہائی محبت کرتا ہے۔ ’آج تک‘ نے ملزم کی ماں سے بات کی۔ ماں کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا بے گھر کتوں کو لے کر سپریم کورٹ کے حکم سے مایوس ہو کر وہ دہلی گیا تھا۔ وہ کئی سال سے پڑوسیوں سے روٹیاں اکٹھی کر کے کتوں کو کھلاتا تھا پڑوسیوں کو یہ بات پتہ تھی اور وہ اس کے گھر پر ہی روٹیاں دے جاتے تھے۔ ملزم ان روٹیوں کو اکٹھا کر کے کتوں اور گایوں کو کھلاتا تھا۔ وہ رکشہ چلانے کا کام کرتا ہے۔
پولیس کی پوچھ تاچھ میں ملزم کی ماں نے بتایا کہ اس کا بیٹا آوارہ کتوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد دہلی پہنچا تھا۔ ماں نے بتایا کہ شخص ذہنی طور سے بیمار ہے اور اس کے مویشی پریمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ وہ اس سے پہلے بھی دہلی کا سفر کر چکا ہے۔ ملزم ایک رکشہ ڈرائیور فیملی سے آتا ہے۔ راجکوٹ پولیس ملزم کی ماں کو بھی پوچھ تاچھ کے لیے لے گئی ہے۔ ماں نے بتایا کہ انھیں یہ نہیں پتہ تھا کہ وہ دہلی وزیر اعلیٰ کے وہاں جائے گا۔
’آج تک‘ کے مطابق ملزم راجیش کی ماں بھانو بین نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کی ہے کہ اس کے بیٹے کو معاف کر دے۔ انھوں نے اپنے بیٹے کی طرف سے وزیر اعلیٰ معافی بھی مانگی۔ ملزم کی ماں کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا مہادیو کا بھکت ہے۔ وہ اجین جانے کے بارے میں بتا کر گھر سے نکلا تھا۔ وہ مہینے میں ایک بار اجین جاتا تھا، لیکن اجین سے دہلی کب چلا گیا، پتہ نہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔