لداخ میں آنکھیں اٹھانے والوں کو فوج نے بھرپور جواب دیا: مودی

پی ایم مودی نے کہا کہ لداخ میں ہندوستان کی سرزمین پر آنکھ اٹھا کر دیکھنے والوں کو کرارا جواب ملا ہے۔ ہندوستان دوستی نبھانا جانتا ہے تو پھر وہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرجواب دینا بھی جانتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ لداخ میں فوج نے ہندوستان کی جانب سے آنکھ اٹھانے والوں کو کرارا جواب دے کر کر اپنی بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اتوار کے روز اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں پی ایم مودی نے لداخ میں چین کے ساتھ تناؤ، کورونا بحران سمیت مختلف موضوعات پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ لداخ میں ہندوستان کی سرزمین پر آنکھ اٹھا کر دیکھنے والوں کو کرارا جواب ملا ہے۔ ہندوستان دوستی نبھانا جانتا ہے تو پھر وہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کرجواب دینا بھی جانتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ’’اپنے ویر سپوتوں کی قربانی پر ان کے اہل خانہ میں فخر کا جو احساس ہے، ملک کے لئے جو جذبہ ہے یہی تو ملک کی طاقت ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا جن کے بیٹے شہید ہوئے ان کے والدین اپنے دوسرے بیٹوں کو بھی فوج میں بھیجنے کی بات کر رہے ہیں‘‘۔


انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے وقت دنیا نے ہندوستان کی عالمی برادری کے جذبات کو محسوس کیا ہے۔ اپنی سالمیت وخود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کرنے کے لئے ہندوستان کی طاقت اورعزائم کو بھی دیکھا ہے۔ ہماری ہر کوشش اس سمت میں ہونی چاہیے، جس سے سرحدوں کے تحفظ کے لئے ملک کی طاقت میں اضافہ ہو، ملک کو زیادہ سے زیادہ قابل بنایا جائے، ملک کو خود کفیل ہونا چاہیے۔ یہی ہمارے شہیدوں کو خراج تحسین ہوگا۔

’قوت مدافعت بڑھانے کے لئے ہندوستانی مصالحوں کہ طلب میں اضافہ‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ عالمی وبا کووڈ 19 کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے جسم کی قوت مدافعت (بیماریوں سے لڑنے) کی صلاحیت پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے اور اس کے لئے ادرک، ہلدی سمیت دیگر مصالحوں کی مانگ میں نہ صرف ایشیاء بلکہ امریکہ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔


وزیر اعظم مودی نے کہا ’’میں لندن سے شائع ہونے والے ’فنانشل ٹائمز‘ میں ایک بہت ہی دلچسپ مضمون پڑھ رہا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا دور میں ادرک، ہلدی اور دیگر مصالحوں کی ایشیا کے علاوہ امریکہ تک میں مانگ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ان کی خاصیت کو دنیا کے لوگوں کو اتنی آسان اور سہل زبان میں بتانی چاہیے تاکہ وہ آسانی سے سمجھ سکیں اور ہم ایک صحت مند دنیا بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا ’’پوری دنیا کی توجہ اس وقت قوت مدافعت (امیونٹی) بڑھانے پر ہے ، اور امیونٹی کو بڑھانے والی یہ چیزیں ہمارے ملک سے ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔