الٰہ آباد ہائی کورٹ نے گالی باز شری کانت تیاگی کی سوسائٹی میں بلڈوزر کارروائی پر 20 اکتوبر تک لگائی روک

جمعہ کے روز نوئیڈا اتھارٹی کی ٹیم نے 4 بلڈوزر اور 4 ڈمپر کے ساتھ تقریباً 6.30 گھنٹے تک تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی تھی، اس دوران 16 غیر قانونی تعمیرات کو توڑا گیا تھا۔

الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا واقع اومیکس سوسائٹی، جو کہ گالی باز شری کانت تیاگی کی وجہ سے کافی مشہور ہو گئی ہے، میں بلڈوزر کی کارروائی پر الٰہ آباد ہائی کورٹ نے روک لگا دی ہے۔ نوئیڈا اتھارٹی نے اومیکس سوسائٹی میں تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد جمعہ یعنی 30 ستمبر کو پولیس کی نگرانی میں کئی غیر قانونی تعمیرات ہٹائے گئے تھے، لیکن اب اس طرح کی کارروائی پر الٰہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ روک لگ گئی ہے۔ عدالت نے یہ روک 20 اکتوبر تک کے لیے لگائی ہے۔ یعنی اس معاملے میں آئندہ سماعت اب 20 اکتوبر کو ہوگی۔ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد سوسائٹی کے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز نوئیڈا اتھارٹی کی ٹیم نے 4 بلڈوزر اور 4 ڈمپر کے ساتھ تقریباً 6.30 گھنٹے تک تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی تھی۔ اس دوران 16 غیر قانونی تعمیرات کو توڑا گیا تھا اور شری کانت تیاگی کے گھر کے باہر لگے پام کے 10 درخت بھی اکھاڑ دیئے گئے تھے۔ حالانکہ دیر رات شری کانت کی بیوی انو تیاگی نے دوبارہ درخت لگوا دیئے۔ اس عمل کے ذریعہ انھوں نے اتھارٹی کے سامنے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں۔


جمعہ کے روز جب بلڈوزر کارروائی ہو رہی تھی تو سوسائٹی کے لوگوں نے افسران کے سامنے احتجاج کیا، لیکن کسی کی ایک نہیں سنی گئی۔ وہاں پر لوگوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی، لیکن اس کا بھی کوئی اثر افسران پر نہیں ہوا۔ جن گھروں کے باہر موجود غیر قانونی تعمیرات کو توڑا گیا، ان میں سے کچھ خواتین روتی بلکتی ہوئی بھی نظر آئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔