’ناٹو ممالک کی ایک انچ زمین پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے‘، امریکی صدر بائڈن نے روسی صدر پوتن کو پھر کیا متنبہ

امریکی صدر جو بائڈن نے کہا کہ امریکہ ناٹو ممالک کے علاقے کی ہر ایک انچ زمین کی حفاظت کے لیے پوری طرح سے تیار ہے، ہم ناٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امریکی صدر بائڈن اور روسی صدر پوتن، تصویر آئی اے این ایس
امریکی صدر بائڈن اور روسی صدر پوتن، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین سے قبضہ کیے گئے چار علاقوں کو اپنے ملک میں شامل کر لیا ہے۔ اس قدم کے بعد امریکہ اور البانیا اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں روس کے خلاف ایک قرارداد لے کر آئے، لیکن روس نے اپنے ویٹو پاور کا استعمال کر اس قرارداد کو خارج کر دیا۔ اب روس کے اس قدم کو لے کر امریکہ نے پوتن کو متنبہ کیا ہے۔

امریکی صدر جو بائڈن نے روس کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ناٹو ممالک کے علاقے کی ہر ایک انچ زمین کی حفاظت کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ ہم ناٹو کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس لیے مسٹر پوتن میں جو کہہ رہا ہوں، اسے غلط مت سمجھیے۔ میں اپنے ساتھیوں کے قریبی رابطے میں ہوں اور آج ہم پھر نئی پابندی کا اعلان کر رہے ہیں۔


امریکی صدر جو بائڈن نے کہا کہ امریکہ اور اس کے ساتھی (مغربی ممالک) ولادمیر پوتن کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ پوتن کی حرکتیں اس بات کا اشارہ ہیں کہ وہ جدوجہد کر رہے ہیں۔ وہ اپنے پڑوسی (یوکرین) کے علاقے پر قبضہ نہیں کر سکتے اور نہ ہی اس سے بچ سکتے ہیں۔ ہم یوکرین کو فوجی سامان مہیا کرانا جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادمیر پوتن نے یوکرین پر قبضہ کیے گئے چار علاقوں کو روس کا رسمی حصہ قرار دے دیا ہے۔ کریملن میں منعقد ایک پروگرام میں انھوں نے ڈونیتسک، لوہانسک، جاپوریجیا، خراسان کو اپنے ملک میں شامل کرنے کے آفیشیل دستاویز پر دستخط کیے۔ پروگرام میں پوتن نے مغربی ممالک کو جم کر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے یوکرین کے ساتھ پھر سے بات چیت کرنے کی بھی بات کہی۔ حالانکہ انھوں نے سخت لہجے میں یہ بھی کہا کہ بات چیت کے دوران قبضے میں لیے گئے علاقوں پر تبادلہ خیال نہیں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */