الٰہ آباد ہائی کورٹ نے فلم ’آدی پُرش‘ کے ڈائیلاگ رائٹر منوج منتشر کو نوٹس جاری کر ایک ہفتہ میں مانگا جواب

فلم میں استعمال کیے گئے ڈائیلاگ پر عدالت نے حیرانی ظاہر کی اور سخت لہجے میں کہا کہ فلم میں بھگوان ہنومان اور ماں سیتا کو جس طرح سے دکھایا گیا ہے وہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

الہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

فلم ’آدی پُرش‘ بنانے والوں پر آج ایک بار پھر الٰہ آباد ہائی کورٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کی۔ ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے سنسر بورڈ کے کردار پر سوال کھڑا کر دیا اور کہا کہ سنسر بورڈ نے اپنی ذمہ داری ٹھیک طرح نہیں نبھائی۔ سماعت کے دوران عدالت نے فلم کے ڈائیلاگ رائٹر منوج منتشر شکلا کو نوٹس بھی جاری کیا۔ عدالت نے منوج منتشر سے ایک ہفتے کے اندر اپنا جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

آج فلم ’آدی پُرش‘ کے خلاف داخل عرضی پر سماعت کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے الٰہ آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ’’اس فلم میں استعمال کیے گئے ڈائیلاگ ایک بڑا ایشو ہے۔ لوگوں کے لیے راماین ایک مثال ہے، راماین قابل تقلید ہے۔ آج بھی لوگ رام چرت مانس پڑھ کر گھر سے نکلتے ہیں۔ ایسے میں کچھ چیزوں کو چھونے (چھیڑ چھاڑ کرنے) سے پرہیز کرنا چاہیے تھا۔‘‘


فلم میں استعمال کیے گئے ڈائیلاگ پر عدالت نے حیرانی ظاہر کی اور سخت لہجے میں کہا کہ فلم میں بھگوان ہنومان اور ماں سیتا کو جس طرح سے دکھایا گیا ہے وہ کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہا۔ عدالت نے کہا کہ ’’اچھا ہوا جن لوگوں نے فلم دیکھنے کے بعد قانون نہیں توڑا۔ فلمسازوں نے شاید موضوع کی سنجیدگی کو سمجھا ہی نہیں تھا۔‘‘

واضح رہے کہ فلم ’آدی پُرش‘ میں اداکار پربھاس نے شر رام کا، کیرتی سینن نے ماں سیتا کا اور سیف علی خان نے راون کا کردار نبھایا ہے۔ فلم کے ڈائیلاگ منوج منتشر نے لکھے ہیں۔ اس فلم کی ریلیز کے بعد سے ہی ڈائیلاگ کو لے کر تنازعہ شروع ہو گیا۔ کچھ لوگوں نے اس بات پر بھی اعتراض کیا ہے کہ ماں سیتا کو بغیر بلاؤز کے دکھایا گیا ہے۔ فلم کے خلاف داخل عرضی پر الٰہ آباد ہائی کورٹ میں 26 جون کو بھی سماعت ہوئی تھی جس میں عدالت نے فلم بنانے والوں کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کم از کم راماین اور قرآن پاک جیسے مذہبی صحفیوں کو تو بخش دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔