کل جماعتی میٹنگ اچھی پہل، لیکن بعض طاقتیں رخنہ ڈالنے کی کوشش کریں گی: اشوک کول

اسمبلی نشستوں کی حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں اشوک کول نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی حد بندی کا عمل بہت جلد شروع ہوگا۔

یو این آئی
یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ ایک اچھی شروعات ہے لیکن جموں و کشمیرمیں بعض طاقتیں جمہوری عمل کی بحالی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی میٹنگ میں سبھی لیڈروں نے اپنی اپنی بات رکھی لیکن اب باہر جو وہ بیانات دے رہے ہیں وہ اختلافی نوعیت کے ہیں۔ موصوف جنرل سکریٹری نے یہ باتیں یو این آئی اردو کو فون پر بتائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ ایک اہم پہل اور اچھی شروعات ہے، اس میں سبھی لیڈروں نے شرکت کی اور اپنی اپنی بات رکھی'۔ انہوں نے کہا کہ 'وہاں سبھی لیڈروں نے اپنا اپنا موقف رکھا، لیکن اب باہر جو وہ بیانات دے رہے ہیں وہ اختلافی نوعیت کے ہیں، وزیر اعظم نے میٹنگ میں کہا کہ اسمبلی نشستوں کی حد بندی ہوگی اور جموں و کشمیر میں جمہوری عمل شروع ہوگا'۔


اشوک کول نے کہا کہ یہ میٹنگ جموں و کشمیر میں جمہوری اور امن عمل کے لئے سود مند ثابت ہوگی لیکن بعض طاقتیں یہاں امن کو پنپنے نہیں دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ میٹنگ جموں و کشمیر میں جمہوری عمل اور امن عمل کے لئے سود مند ثابت ہوگی، لیکن یہاں بعض طاقتیں ایسی ہیں جو امن کو پنپنے نہیں دیں گی، وہ اس میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں کریں گی'۔ اسمبلی نشستوں کی حد بندی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں موصوف جنرل سکریٹری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی حد بندی کا عمل بہت جلد شروع ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔