سوشل میڈیا پر جاپان کی’صاف‘ ہوا کا دہلی سے کیا جارہا موازنہ

جاپان میں رہنے والے ایک ہندوستانی عظیم منصوری نے ایک ویڈیو شیئر کی ہےجس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ جہاں کھڑے ہیں، وہاں سےتقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ماؤنٹ فوجی بلکل صاف دکھائی دے رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں فضائی آلودگی / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 ہندوستان کی راجدھانی دہلی میں ہوا کا معیار بدستور خراب ہے۔ حد بصارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سڑکوں پر کہرا اور دھند کی وجہ سے کچھ میٹر آگے بھی دیکھ پانا مشکل ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پربھی دہلی کے اے کیو آئی کو لے کر خوب بحث کی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ لوگ دوسرے ممالک کی صاف ہوا سے دہلی کی آلودہ ہوا کا موازنہ کررہے ہیں۔

اس دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں جاپان کی صاف ہوا کو دکھایاگیا ہے۔ یہ ویڈیو جاپان میں رہنے والے ایک ہندوستانی عظیم منصوری نے شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں عظیم دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ جس جگہ کھڑے ہیں، وہاں سے تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ماؤنٹ فوجی بلکل صاف دکھائی دے رہا ہے۔


ویڈیو کی شروعات میں عظیم کیمرے کی طرف دیکھ کر فاصلے کے بارے میں بتاتے ہیں۔اس کے بعد وہ کیمرہ گھماتے ہیں اور اگلے ہی لمحے آسمان میں اُبھرا ماؤنٹ فوجی نظر آتا ہے۔ نہ دھند، نہ کہرا،نہ دھواں، یہی صاف نظارہ لوگوں کو حیران کر رہا ہے۔ ویڈیو کےمنظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر جاپان اور ہندوستان کے درمیان موازنہ شروع ہوگیا۔ خاص طور پر دہلی کی ایئر کوالٹی کے بارے میں لوگ کھل کراپنی ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہاں دہلی میں 10 میٹر دوربھی نہیں دیکھائی دیتا لیکن کچھ بھی کہو، دہلی کی بات ہی الگ ہے۔ ایک دیگر صارف نے کہا کہ بھائی، ایسا نیلا آسمان دیکھے ہوئے زمانہ ہوگیا ہے، یہاں کی ہوا میرے مستقبل سے بھی زیادہ صاف ہے۔

تبصرے کے سیکشن میں مزاحیہ ردعمل بھی دیکھنے کو ملے۔ ایک صارف نے لکھا کہ بھائی، تھوڑی ہوا یہاں بھی پارسل کردو، بہت بُرا حال ہے۔ ان سب کے درمیان کسی نے یہ بھی کہا کہ یہاں کی ہوا تو میرےمستقبل سے بھی زیادہ صاف ہے۔ وہیں کچھ لوگوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہندوستان میں بھی ایسا ہی منظر دیکھنے کو ملا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اس وقت آلودگی میں کمی کی وجہ سے ہمالیہ تک دکھائی دینے کی باتیں سامنے آئی تھیں۔


ماؤنٹ فوجی ٹوکیو سے تقریباً 100-120 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ صاف موسم میں یہ ٹوکیو اور آس پاس کے علاقوں سے بھی نظر آتا ہے۔ اس کی اونچائی تقریباً 3,776 میٹر ہے، جو اسے جاپان کا سب سے اونچا پہاڑ بناتی ہے۔ یہ کلپ وائرل ہے بلکہ لوگ اسے اپنے شہروں کی گھٹن والی ہوا کا آئینہ مان رہے ہیں۔ یہ سوال اب سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے کہ کیا ہندوستان کے بڑے شہروں میں کبھی ایسا صاف آسمان دیکھنے کو ملے گا ؟ یا صاف ہوا صرف ویڈیوز اور تصاویر تک ہی محدود رہے گی۔