انتظامیہ کورونا کی موجودہ لہر سے نمٹنے کے لئے تیار ہے، ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد

ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے کہا کہ موجودہ حالات میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صبر و تحمل سے کام لینا ہے اور سب سے اہم بات ایس او پیز پر عمل کرنا ہے جیسے ماسک لگانا وغیرہ ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد نے لوگوں سے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی اپیل کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع انتظامیہ کورونا کی موجودہ لہر سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں گھبرانے کی نہیں بلکہ صبر و تحمل سے کام لے کر ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو دنوں کے اندر بستروں کی گنجائش 13 سو کے قریب بڑھا دی گئی ہے اور ضرورت پڑنے پر اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے یہاں دو دنوں کے اندر بستروں کی گنجائش 13 سو کے قریب بڑھا دی ہے ضرورت پڑنے پر اس میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹ کلی طور پر چل رہے ہیں اور اس کے علاوہ کشمیر نرسنگ ہوم میں ایک ہزار ایل پی ایم کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال میں بھی ایک ہزار ایل پی ایم کا اضافہ کیا جائے گا۔ موصوف ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ آنے والے دو ہفتوں کے اندر قریب 15 سو ایل پی ایم کا اضافہ کیا جائے گا۔


اعجاز اسد نے کہا کہ موجودہ حالات میں گھبرانے کی بجائے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صبر و تحمل سے کام لینا ہے اور سب سے اہم بات ایس او پیز پر عمل کرنا ہے جیسے ماسک لگانا ہے‘۔ موصوف نے لوگوں کو کورونا ویکیسن لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میری لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے نزدیکی سینٹروں پر جا کر کورونا ویکیسن لگوائیں کیونکہ اس کے لگوانے کے بعد قوت مدافعت بڑھ جاتی ہے اور زیادہ علیل ہونے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے‘۔

اعجاز اسد نے کہا کہ ہم سسٹم کے اندر کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے اور ہم لوگوں کی مدد کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ بتادیں کہ ملک بھر کے ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کورونا کیسز اور اموات میں روز افزوں غیر معمولی اضافہ درج ہو رہا ہے جس سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے کورونا کی اس دوسری لہر کی روک تھام کے لئے یونین ٹریٹری میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے جس کے تحت بازاروں میں صرف پچاس فیصد دکان ہی کھلے رہتے ہیں اور مسافر بردار گاڑیوں کو بھی پچاس فیصد سواریاں اٹھانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔