سدھو موسیٰ والا قتل معاملے کا ملزم دیپک منڈی بھی گرفتار، پنجاب اور دہلی پولیس کی مشترکہ کوشش سے ملی کامیابی

موسیٰ والا قتل میں بولیرو اور کورولا موڈیول کا استعمال کیا گیا تھا۔ دیپک منڈی بولیرو ماڈیول کا حصہ تھا۔ اس کی قیادت ہریانہ کا شارپ شوٹر پریہ ورت فوجی کر رہا تھا۔ ان کے ساتھ انکت سرسا اور کشش بھی تھے۔

سدھو موسیٰ والا کی فائل تصویر
سدھو موسیٰ والا کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

سدھو موسیٰ والا قتل معاملے میں اب تک کئی ملزمین کی گرفتاری ہو چکی ہے، اور اب اس تعلق سے مزید ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ پنجاب پولیس نے مرکزی ایجنسیوں اور دہلی پولیس کے ساتھ ایک مشترکہ مہم انجام دے کر موسیٰ والا قتل کیس کے فرار ملزم دیپک عرف منڈی کو اس کے دو معاونین کپل پنڈت اور راجندر کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے۔ پنجاب پولیس کے ڈی جی پی گورو یادو نے اس سلسلے میں میڈیا کو جانکاری دی۔

ڈی جی پی گورو یادو نے بتایا کہ دیپک منڈی، کپل پنڈت اور راجندر کو اے جی ٹی ایف ٹیم نے مغربی بنگال-نیپال سرحد پر ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔ دیپک بولیرو ماڈیول میں شوٹر تھا، جب کہ کپل پنڈت اور راجندر نے اسلحہ اور ٹھکانہ سمیت رسد کی مدد فراہم کی۔


واضح رہے کہ موسیٰ والا قتل میں بولیرو اور کورولا موڈیول کا استعمال کیا گیا تھا۔ دیپک منڈی بولیرو ماڈیول کا حصہ تھا۔ اس کی قیادت ہریانہ کا شارپ شوٹر پریہ ورت فوجی کر رہا تھا۔ ان کے ساتھ انکت سرسا اور کشش بھی تھے۔ موسیٰ والا کا قتل کرنے کے بعد یہ چاروں گجرات فرار ہو گئے۔ فرار دیپک منڈی 8 جولائی کے آس پاس ترنتارن میں سب سے الگ ہو گیا۔ موسیٰ والا قتل معاملے میں تین شوٹر پہلے ہی گرفتار ہو چکے ہیں اور دو پولیس تصادم میں مارے جا چکے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ پنجاب گلوکار سدھو موسیٰ والا قتل معاملے میں شامل شارپ شوٹر دیپک منڈی جدید اسلحہ لے کر فرار ہوا تھا۔ پولیس کو خفیہ ذرائع سے یہ جانکاری ملی تھی۔ پنجاب پولیس نے ہریانہ، راجستھان میں بھی منڈی کی تلاش کی۔ پولیس کی پانچ خصوصی ٹیمیں منڈی کی تلاش کر رہی تھیں، اور اب جا کر کامیابی ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */