راجستھان کی 15ویں اسمبلی کا ساتواں اور بجٹ اجلاس گورنر کے خطاب کے ساتھ شروع

گورنر نے احتجاج کرنے والے اراکین اسبملی کو بیٹھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں تو اچھا لگے گا، ایوان چلتا رہے گا، لیکن احتجاج کر رہے اراکین پورے خطاب کے دوران اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔

تصویر ٹوئٹر / @ashokgehlot51
تصویر ٹوئٹر / @ashokgehlot51
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کی 15 ویں اسمبلی کا ساتواں اور بجٹ اجلاس آج گورنر کلراج مشرا کے خطاب کے ساتھ شروع ہوا۔ صبح گیارہ بجے ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی مشرا نے خطاب کرنا شروع کیا جو ایک گھنٹہ آٹھ منٹ تک جاری رہا۔

اس دوران اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین اسمبلی نے ٹیچر ایلبلیٹی ٹیسٹ (آر ای ای ٹی) پیپر لیک معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے جانچ کا مطالبہ کیا۔ جبکہ حکمراں پارٹی کے اراکین اسمبلی نے میز تھپتھپا کرخطاب کا خیر مقدم کیا۔


خطاب شروع ہوتے ہی راشٹریہ لوگ تنترک پارٹی ( آرایل پی) کے رکن اسمبلی نارائن بینی وال سمیت پارٹی کے تینوں اراکین اسمبلی نے بھی آر ای ای ٹی معاملے کی سی بی آئی سے انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے پلے کارڈ لہرائے اوراس مطالبے کی حمایت میں بولتے رہے۔

تقریباً پندرہ منٹ کے بعد تینوں اراکین اسمبلی ایوان سے واک آؤٹ کر گئے جبکہ بی جے پی کے تمام اراکین اپنی جگہوں پر تختیاں اٹھائے کھڑے رہے جن پر لکھا تھا ’آر ای ای ٹی معاملے کی سی بی آئی جانچ ہو ‘۔ گورنر نے احتجاج کرنے والے اراکین اسبملی کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں تو اچھا لگے گا، ایوان چلتا رہے گا، لیکن احتجاج کر رہے اراکین پورے خطاب کے دوران اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔