جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں نے سیاحوں کو بنایا نشانہ، ایک جاں بحق اور 6 زخمی، ’کشمیر ریزسٹنس‘ نے لی ذمہ داری
دہشت گرد تنظیم ’کشمیر ریزسٹنس‘ نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے کہا کہ ’’85000 سے زیادہ غیر مقامی لوگوں کو رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے یہ آبادیاتی تبدیلی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔‘‘
تصویر سوشل میڈیا
جموں و کشمیر کے پہلگام میں آج دہشت گردوں نے سیاحوں کو نشانہ بنا کر گولیوں سے حملہ کر دیا۔ ’آج تک‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق حملے میں 6 لوگ زخمی ہوئے ہیں، جن میں 3 سیاح اور 3 مقامی افراد ہیں۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت کافی نازک ہے، جبکہ ایک سیاح کی موت ہو گئی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حملے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد جائے وقوع پر پہنچی سیکورٹی فورسز کی ٹیم نے پورے علاقے کو خالی کرا کر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم ’کشمیر ریزسٹنس‘ نے لی ہے۔
عام طور پر دہشت گرد سیکورٹی فورسز یا پھر غیر کشمیری لوگوں کو نشانہ بناتے تھے۔ لیکن اس بار دہشت گردوں نے سیاحوں کو نشانہ بنایا ہے۔ دہشت گردوں نے سیاحوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ گھڑ سواری کر رہے تھے۔ واضح ہو کہ ان دنوں گرمیوں کی چھٹی کا موسم بھی چل رہا ہے، ایسے میں بڑی تعداد میں سیاح اپنے اہل خانہ کے ساتھ جموں و کشمیر، خاص طور سے پہلگام پہنچتے ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق دہشت گردانہ حملے کے بعد سیکورٹی فورسز اور مقامی پولیس نے دوسرے سیاحوں کو پہلگام جانے پر فی الحال روک لگا دی ہے۔ پورے علاقے کو خالی کرا کر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ دہشت گرد تنظیم ’کشمیر ریزسٹنس‘ نے اس حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’غیر مقامی لوگوں کو 85000 سے زیادہ رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے یہ آبادیاتی تبدیلی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ یہ غیر مقامی لوگ سیاح بن کر آتے ہیں، رہائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرتے ہیں اور پھر ایسا برتاؤ کرنے لگتے ہیں جیسے وہ زمین کے مالک ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔