جئے پور میں نوجوان کے قتل کے بعد سڑک پر لوگوں کا ہنگامہ، کشیدگی کے پیش نظر پولیس فورس تعینات

دونوں فریق میں کسی بھی طرح کی رنجش سے پولیس نے انکار کیا ہے۔ پولیس نے فرار چل رہے باقی 2 ملزمین کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

قتل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
قتل، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے اُدئے پور میں تشدد کے بعد اب راجدھانی جئے پور میں بھی نوجوان کے قتل کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ گزشتہ جمعہ کی رات آپسی جھگڑے میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی جس کے بعد ہفتہ کو ناراض لوگوں کا ایک ہجوم سڑک پر اتر آیا اور قتل کے خلاف زبردست مظاہرہ کرنے لگا۔ ماحول کو سنگین اور کشیدہ ہوتا دیکھ کر وہاں پر پولیس فورس کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ موقع پراعلیٰ افسران بھی موجود ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے لوگوں سے افواہوں سے بچنے کی اپیل کی ہے۔

نیوز پورٹل پر شائع خبر کے مطابق پورا ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب شاستری نگر علاقے میں جمعہ کی رات میں سوامی بستی میں رہنے والا دنیش (36) نامی شخص اپنے ساتھی جتندر کے ساتھ اسکوٹی پر گھر لوٹ رہا تھا۔ اسی دوران آزاد کالونی میں ان کی ایک ای-رکشہ سے ٹکر ہوگئی جس کے بعد ای-رکشہ سوار تین نوجوانوں اور دنیش و اس کے ساتھی کے درمیان زبردست مارپیٹ ہو گئی۔ مارپیٹ کے بعد دونوں فریق اپنے اپنے راستے چلے گئے لیکن گھر پہنچنے کے بعد دنیش کی طبیعت بگڑ گئی اور اس کی موت ہوگئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ 2 ملزم فرار بتائے جا رہے ہیں۔ صبح میں لوگ قتل کے خلاف بڑی تعداد میں سڑکوں پر آگئے جس کے بعد پولیس انتظامیہ نے احتیاطاً شاستری نگر علاقے میں اضافی پولیس دستہ تعینات کردیا۔


پولیس کی ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ دونوں فریق میں جھگڑا سائڈ دینے کی بات پر ہوا تھا، اس دوران ایک دوسرے پر جم کر لات گھونسے چلائے گئے۔ اس سلسلے میں دونوں فریق میں کسی بھی طرح کی رنجش سے پولیس نے انکار کیا ہے۔ پولیس نے فرار چل رہے 2 ملزمین کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔