پیرس اولمپکس 2024 ونیش پھوگاٹ، ایمان خلیف کے معاملوں سمیت کئی تنازعات کا بھی گواہ بنا

100 گرام وزن بڑھنے سے کھلاڑی کو نااہل قرار دیئے جانے سے لے کر جنڈر اور کوکین تنازعہ اولمپک کے دوران سرخیوں میں رہے۔

<div class="paragraphs"><p>ونیش پھوگاٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ونیش پھوگاٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پیرس اولمپکس 2024 کا اختتام ہو چکا ہے۔ 26 جولائی سے شروع ہوئے کھیلوں کا یہ عظیم میلہ 11 اگست تک چلا۔ ہندوستان کا اس اولمپک میں ملا جلا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، جس میں ٹیم نے 5 کانسے اور 1 چاندی کے تمغہ کے ساتھ 6 میڈل جیتے۔ وہیں سب سے زیادہ تمغوں کی بات کی جائے تو امریکہ نے 40 طلائی، 44 چاندی اور 42 کانسے کے ساتھ  کُل 126 تمغہ جیت کر میڈل ٹیلی میں سب سے اوپر جگہ بنائی۔  

پیرس اولمپک میں اس مرتبہ جہاں ایک طرف کئی خوشگوار لمحات سامنے آئے تو وہیں دوسری طرف کچھ ایسے واقعات بھی پیش آئے جو تنازعہ کی شکل اختیار کر گئے اور خوب سرخیوں میں رہے۔ سب سے بڑا تنازعہ ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ کے معاملے پر ہوا جس پر پوری دنیا میں ہنگامہ رہا۔ ونیش نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 50 کلوگرام فری اسٹائل کے فائنل میں جگہ بنالی تھی لیکن ٹھیک مقابلے سے قبل 100 گرام وزن بڑھ جانے کی وجہ سے انہیں میچ کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔ ونیش نے اس کے خلاف کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹ (سی اے ایس) میں اپیل کی اور چاندی کے تمغہ کا مطالبہ کیا لیکن سی اے ایس نے ان کی اپیل خارج کردی جس سے کروڑوں ہندوستانیوں کا دل ٹوٹ گیا۔ اس معاملے پر سماعت کافی پہلے ہوچکی تھی لیکن کئی بار فیصلہ کی تاریخ بدلنے کے بعد آخرکار 14 اگست کو فیصلہ ونیش پھوگاٹ کے خلاف آیا۔

ونیش پھوگاٹ کے علاوہ اور بھی کئی تنازعات ہوئے جس میں امریکہ کی جمناسٹ جارڈن چائلس سے برانز میڈل چھین لیا گیا جبکہ جمناسٹک کے فلور ایونٹ میں رومانیہ کی اینا باربوسو نے شکست کھاکر بھی برانز میڈل جیت لیا۔ میچ میں ہار کے بعد اینا باربوسو اور ان کی ٹیم نے سی اے ایس میں اپیل کی جس پر طویل سماعت ہوئی اور بعد میں سی اے ایس نے اینا کو صحیح قرار دیا اور جارڈن چائلس کے اسکور کو کاٹ کر 13.666 کر دیا، جس سے وہ پانچویں نمبر پر پہنچ گئیں اور اینا باربوسو تیسرے نمبر پر آگئیں۔


الجیریا باکسر ایمان خلیف کا تنازعہ بھی اولمپک میں چھایا رہا۔ خلیف نے چین کی یانگ لیو کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ دوسری بار انہوں نے اولمپک میں گولڈ جیتا تھا لیکن وہ جنس تنازعہ میں پھنس گئیں۔ الجیریائی کھلاڑی پر بایولاجیکل مرد ہونے کا الزام لگا اور دعویٰ کیا گیا کہ ان میں ٹسٹوسٹورون ہارمون کی مقدار مردوں کی طرح ہے۔ ایمان نے راؤنڈ 16 میں اٹلی کی باکسر اینجلا کارینی کے خلاف صرف 46 سکنڈ میں مقابلہ جیت لیا تھا۔ لیکن شکست خوردہ کھلاڑی نے اس پر جنڈر تنازعہ شروع کر دیا اور خود کو جیتا ہوا قرار دینے لگی۔ الزامات کے خلاف ایمان مضبوطی کھڑی رہیں جس کا انہیں فائدہ بھی ملا اور عالمی اولمپک کمیٹی نے ان کی حمایت کی۔

آسٹریلیائی ہاکی کھلاڑی ٹام کریگ پیرس اولمپک کے دوران کوکین خریدنے کا تنازعہ بھی سرخیوں میں رہا۔ کوکین خریدنے کے الزام میں آسٹریلیائی کھلاڑی کو 17 سالہ مبینہ فروخت کنندہ کے ساتھ حراست میں لے لیا گیا۔ حالانکہ بعد میں کریگ کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا اور ان پر کوئی معاملہ درج نہیں کیاگیا۔ اٹلی کے چمپئن تیراک تھامس سیکان کو پارک میں زمین پر سوتے ہوئے دیکھا گیا۔ تھامن نے اولمپک گاؤں کی خراب حالت پر روشنی ڈالی تھی۔ سیکون نے عوامی طور پر اس کی شکایت بھی کی تھی۔ سیکون نے کہا تھا کہ گرمی اور شور و غل کی وجہ سے وہ سو نہیں پا رہے ہیں۔ سیکون نے پیرس اولمپک میں 2 تمغے جیتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔