سری نگر: عارضی ملازمین نے کفن نما کپڑوں میں کیا احتجاج

احتجاجی ملازمین 'آواز دو ہم ایک ہیں'، 'عارضی ملازمین کے ساتھ انصاف کرو انصاف کرو'، 'وی وانٹ جسٹس'، 'تاناشاہی نہیں چلے گی' جیسے نعرے لگا رہے تھا۔

علامتی تصویر، یو این آئی
علامتی تصویر، یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کیزوئل ڈیلی ویجرس فورم کے بینر تلے عارضی ملازموں نے اپنے مطالبات کو لے کر پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں احتجاج مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ملازمین، جنہوں نے کفن نما کپڑے زیب تن کر رکھے تھے، نے جب احتجاجی جلوس کی صورت میں ریزیڈنسٹی روڑ پر مارچ کرنے کی کوشش کی تو وہاں پہلے سے موجود جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں نے فورم کے لیڈران سمیت قریب بیس ملازمین کو حراست میں لے لیا۔

احتجاجی ملازمین 'آواز دو ہم ایک ہیں، عارضی ملازمین کے ساتھ انصاف کرو انصاف کرو، وی وانٹ جسٹس، تاناشاہی نہیں چلے گی' جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ قبل ازیں فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جموں و کشمیر کے طول و عرض میں عارضی ملازمین بر سر احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ احتجاج زائد از 60 ہزار عارضی ملازمین کے حق میں ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم ہند نے بھی اعلان کیا تھا ان کے مطالبات پورے کیے جائیں گے لیکن ایک سال پورا ہوجانے کے باوجود مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا'۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہماری سرکار سے گزارش ہے کہ وہ دس دن کے اندر اندر اپنا موقف واضح کریں۔ اگر وہ کوئی فیصلہ نہیں لیتے ہیں تو ہم مجبور ہو کر اپنے اہل و عیال کے ساتھ سڑکوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اس کی تمام تر ذمہ داری یہاں کی گورنر انتظامیہ پر عائد ہوگی'۔ جموں و کشمیر کے عارضی ملازمین کے مطالبات میں ان کی نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

بتادیں کہ سال 2017 کے اواخر میں پی ڈی پی – بی جے پی حکومت نے مختلف سرکاری محکموں میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے 60 ہزار عارضی ملازموں کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اس اعلان کے چھ ماہ بعد بھی یہ حکومت بی جے پی کی طرف سے اچانک حمایت واپس لینے کے نتیجے میں ختم ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Aug 2020, 6:11 PM