تربیتی کیمپوں میں بتائیں کہ ابھی جو ترقی نظر آ رہی ہے، وہ کانگریس حکومت کی عطا کردہ ہے: اجئے ماکن
کانگریس لیڈر ماکن نے کہا کہ دہلی کانگریس کے ذریعہ سبھی اضلاع میں تربیتی کیمپوں کا انعقاد نئی پیش قدمی۔ ان کیمپوں میں مرکزی اور دہلی کی کانگریس حکومتوں کی مدت کار میں ہوئے کاموں کا ذکر کیا جانا چاہیے۔

اجئے ماکن اور دیویندر یادو
نئی دہلی: تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے دہلی کانگریس خوب محنت کر رہی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر دیویندر یادو کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور عوامی ہیرو راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط بنانے کی کوششیں تیزی کے ساتھ چل رہی ہیں۔ بوتھ سے لے کر بلاک سطح تک 2025 میں پورے سال ’تنظیم تشکیل مہم‘ کے تحت ملک بھر کانگریس کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف تقاریب کا انعقاد ہو رہا ہے۔ اس کے تحت دہلی بھر میں کانگریس کے تعاون سے کانگریس تربیتی کیمپ سبھی ضلع کانگریس کمیٹیوں کے ذریعہ منعقد کیے جا رہے ہیں۔
آج آدرش نگر ضلع میں ضلع صدر سدھارتھ راؤ، قرول باغ ضلع کانگریس میں ضلع صدر مدن کھوروال اور بدرپور ضلع میں ضلع صدر ہرش چودھری نے کانگریس تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا۔ ضلع کانگریس تربیتی کیمپوں کی شروعات پرچم کشائی، قومی ترانہ اور شمع روشن کرنے کے ساتھ ہوئی۔ آدرش نگر ضلع تربیتی کیمپ میں اتحاد و امن کی علامت غباروں کو ہوا میں چھوڑا گیا۔ ان تربیتی کیمپوں سے کانگریس خزانچی اجئے ماکن، کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین، سکریٹری انچارج سکھوندر سنگھ ڈینی اور دانش ابرار، کانگریس ایس سی ڈپارٹمنٹ کے سابق چیئرمین راجیش للوٹھیا نے خطاب کیا۔
کانگریس خزانچی اجئے ماکن نے اپنے خطاب میں کہہا کہ سبھی ضلعوں میں تربیتی کیمپوں کا انعقاد ایک نئی پیش قدمی ہے۔ اس میں ضلع کے عہدیداروں کو کانگریس کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے سے متعلق پالیسیوں و اصولوں کے تحت تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ تربیت حاصل کر بلاک سطح کے عہدیداروں اور کارکنان کو تربیت دینے کا کام کریں گے۔ لیکن میرا یہ بھی کہنا ہے کہ تربیتی کیمپوں میں جو کانگریس کی حکومت، چاہے مرکز یا دہلی کی ہو، ان کی مدت کار میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں، ان کا بھی ذکر کریں۔ سبھی کو بتائیں کہ موجودہ وقت میں جو ترقی نظر آ رہی ہے، وہ کانگریس حکومتوں کی عطا کردہ ہے۔
اجئے ماکن نے کہا کہ تربیت کیمپوں میں دہلی کے بنیادی مسائل کو مرکز نگاہ رکھ کر گفتگو ہونی چاہیے۔ دہلی میں آج جھگی جھونپڑی اور ریہڑی پٹری والوں کو اجاڑ کر بے گھر کر ان کا ذریعہ معاش چھیننے کا کام بی جے پی کر رہی ہے۔ 2007 میں توڑ پھوڑ کو روکنے کے لیے یو پی اے حکومت نے آرڈیننس لایا تھا، یکم مئی 2013 کو ریہڑی پٹری والوں کا ذریعہ معاش محفوظ کرنے کے لیے ریہڑی پٹری قانون بنانے کی بنیاد رکھی، اور 2014 میں ریہڑی پٹری ذریعہ معاش تحفظ قانون بنایا۔ یہی نہیں، اپوزیشن میں رہتے ہوئے 2017 میں دہلی کی جھگی جھونپڑی کو اجاڑنے پر راہل گاندھی نے جا کر ان کے حق کی لڑائی لڑی، اور میں نے خود ہائی کورٹ جا کر دہلی کے لاکھوں جھگی جھونپڑی والوں کو اجڑنے سے روکنے کے لیے اسٹے لے کر انھیں راحت دینے کا کام کیا۔
اس موقع پر قاضی نظام الدین نے کہا کہ دہلی بھر میں کانگریس تربیتی کیمپ کا انعقاد کرنے کے بعد کانگریس کے بوتھ سطح کے کارکنان میں نئی توانائی پیدا ہوئی ہے۔ عوامی ہیرو راہل گاندھی کی بلاک سطح تک کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانے کی سوچ کو مضبوط بنانے کا عزم لگاتار ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ مشکل وقت میں کارکنان زیادہ مضبوطی کے ساتھ مخالف طاقتوں سے متحد ہو کر مقابلہ کرتا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کی توڑنے والی پالیسی کے خلاف کانگریس کارکنان کو متحد ہو کر کام کرنا ہے اور راہل گاندھی کی قیادت میں ملک کو ترقی کی طرف لے جانے کی بنیاد نئے سرے سے رکھی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔