تلنگانہ میں کانگریس نے پورا کیا اپنا وعدہ، 2 اہم گارنٹیوں کا نفاذ

وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مالکانہ حق والی ٹی ایس آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر اور راجیو آروگیہ شری یوجنا کے تحت کوریج کو 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔

<div class="paragraphs"><p>ریونت ریڈی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ریونت ریڈی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز کانگریس پارٹی کے ذریعہ حال ہی میں اختتام پذیر اسمبلی انتخابات میں لگوں کو دی گئی چھ میں سے دو گارنٹیوں کو نافذ کر کے وعدہ کی تکمیل کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ریاست کے مالکانہ حق والی ٹی ایس آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر اور راجیو آروگیہ شری منصوبہ کے تحت کوریج کو موجودہ 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔

خاتون وزیر سیتاکا اور کونڈا سریکھا نے اسمبلی احاطہ میں پوری کابینہ اور کانگریس اراکین اسمبلی کی موجودگی میں بس کو ہری جھنڈی دکھائی۔ چیف سکریٹری شانتی کماری اور باکسنگ چمپئن نکہت زرین بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارک، پروٹیم اسپیکر اکبرالدین اویسی اور وزراء نے دونوں منصوبوں کو رسمی طور سے لانچ کرنے کے لیے ٹی ایس آر ٹی سی کے صفر ٹکٹ اور راجیو آروگیہ شری منصوبہ کے نئے لوگوں اور پوسٹر کا اجرا کیا۔


ریونت ریڈی نے اس مقوع پر کہا کہ کانگریس حکومت سونیا گاندھی کے یومِ پیدائش پر اپنی 6 میں سے 2 گارنٹیوں کو نافذ کر رہی ہے۔ 9 دسمبر کا دن تلنگانہ کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ 2009 میں اسی دن سابقہ یو پی اے حکومت نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے سونیا گاندھی کو تلنگانہ کی ’ماں‘ قرار دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے دہرایا کہ تلنگانہ کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے سبھی 6 گارنٹیوں کو 100 دنوں میں نافذ کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اب سبھی عمر کی لڑکیوں، خواتین اور ٹرانسجنڈر اشخاص جو تلنگانہ کے حقیقی باشندہ ہیں، ریاست کی سرحدوں کے اندر تلنگانہ ریاست سڑک ٹرانسپورٹیشن کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) کی بسوں میں مسفت سفر کر سکتے ہیں۔ بین ریاستی ایکسپریس اور پلّے ویلوگو بسوں میں تلنگانہ کی سرحد تک سفر مفت ہوگا۔ خواتین کوئی بھی شناختی کارڈ دکھا کر سفر کر سکتی ہیں۔ خط افلاس (بی پی ایل) سے نیچے زندگی گزارنے والے کنبوں کے لیے ہیلتھ انشورنس منصوبہ، راجیو آروگیہ شری کے تحت مالی کوریج دوگنا کر فی کنبہ 10 لاکھ روپے سالانہ کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت خط افلاس سے نیچے کے مجموعی طور پر 90.10 لاکھ کنبے مستفید ہوں گے۔ منصوبہ کے تحت 21 خصوصیات کے تحت مختلف بیماریوں کو احاطہ میں لینے کے لیے 1672 پیکیج دستیاب ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔