وزیر اعظم کے بہار دورے سے قبل تیجسوی یادو کے سوالات، سابق وعدوں اور بدانتظامی پر شدید تنقید
وزیر اعظم نریندر مودی کے بہار دورے سے قبل تیجسوی یادو نے کئی سوالات اٹھائے، سابق وعدوں کا حساب مانگا، بہار کی پسماندگی، قانون و انتظام اور عوامی مسائل پر حکومت کو ہدف تنقید بنایا

تیجسوی یادو / بشکریہ ایکس
پٹنہ: وزیر اعظم نریندر مودی کے جمعہ کو بہار کے مجوزہ دورے سے پہلے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے مرکز اور این ڈی اے حکومت پر سخت سوالات کی بوچھاڑ کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تفصیلی پوسٹ کے ذریعے وزیراعظم سے متعدد سوالات کرتے ہوئے پرانے وعدوں کی یاد دہانی کرائی اور بہار کی ترقی کے فقدان پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
تیجسوی نے اپنی پوسٹ میں سب سے پہلے وزیر اعظم کے ان پرانے خطابات اور وعدوں کا ذکر کیا، جو انہوں نے بہار کی مختلف ریلیوں میں کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو سب سے پہلے اپنے ان وعدوں کا محاسبہ کرنا چاہیے جو وہ پچھلی بار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی حکومت نے صرف دکھاوے کے سنگ بنیاد رکھے، افتتاح کیے اور رسمی کارروائیاں کی ہیں، جن کا زمین پر کوئی اثر نظر نہیں آتا۔
آر جے ڈی رہنما نے نیتی آیوگ اور مرکزی حکومت کی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ آخر بہار کیوں آج بھی ملک کی سب سے پسماندہ ریاستوں میں شامل ہے؟ انہوں نے کہا کہ ریاست کی فی کس آمدنی، شرح خواندگی اور دیگر ترقیاتی اشاریے نہایت ہی مایوس کن ہیں، جو حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔
تیجسوی یادو نے اپنے والد لالو پرساد یادو کے دور حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو بھی یاد دلایا، جیسے کہ سارن ڈویژن میں جے پی یونیورسٹی کا اور مڈھورا میں ریلوے انجن فیکٹری کا قیام۔ ان کے مطابق ان منصوبوں کو موجودہ این ڈی اے حکومت نے یکسر نظرانداز کیا ہے۔
نظم و نسق کے محاذ پر بھی تیجسوی نے این ڈی اے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں بہار میں ہزاروں قتل اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات ہوئے، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں نظم و نسق تباہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے موجودہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’غیرفعال‘ اور ’لاعلم‘ ہو چکے ہیں اور ریاست کی باگ ڈور دراصل مرکز کے ہاتھ میں ہے۔ تیجسوی نے یہ بھی الزام لگایا کہ شدید گرمی کے باوجود غریب ملازمین، آشا کارکنوں اور عام لوگوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ وزیراعظم کی ریلی میں بھیڑ کے لیے شریک ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 20 اور 21 جون کو بہار، اڈیشہ اور آندھرا پردیش کے دورے پر رہیں گے۔ آج یعنی 20 جون کو وہ بہار میں سیوان کے مقام پر کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ آج ہی وہ اڈیشہ کا بھی دورہ کریں گے، جب کہ کل یعنی 21 جون کو بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر یوگا پروگرام میں شرکت کریں گے اور عوام سے خطاب بھی کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔