تیج پرتاپ نے توڑی خاموشی، والدین کو یاد کرتے ہوئے کیا جذباتی پوسٹ، ’میری ساری دنیا آپ دونوں ہیں، ہمیشہ خوش رہیں‘
لالو پرساد نے گزشتہ دنوں اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ کو پارٹی اور کنبہ سے نکال دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ نجی زندگی میں اخلاقی قدروں کے خلاف جانا ہمارے سماجی انصاف کیلئے اجتماعی جدوجہد کو کمزور کرتا ہے۔

انوشکا یادو کے ساتھ مبینہ رشتوں کو لے کر تیج پرتاپ یادو ان دنوں کافی سرخیوں میں ہیں۔ لالو پرساد انہیں 6 سال کے لیے پارٹی اور خاندان سے باہر کر چکے ہیں۔ اس پورے معاملے میں سیاست کافی گرم ہے اور رہنماؤں کے بیان بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ اب اس تعلق سے تیج پرتاپ یادو نے اپنی خاموشی توڑی ہے۔
انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک جذباتی پوسٹ میں لکھا، ’’میرے ممی پاپا...میری ساری دنیا بس آپ دونوں میں ہی سمائی ہے۔ بھگوان سے بڑھ کر ہیں آپ اور آپ کا دِیا کوئی بھی حکم۔ آپ ہیں تو سب کچھ ہے میرے پاس۔‘‘
تیج پرتاپ نے آگے لکھا، ’’مجھے صرف آپ کا یقین اور محبت چاہیے نہ کہ کچھ اور۔ پاپا آپ نہیں ہوتے تو نہ یہ پارٹی ہوتی اور نہ میرے ساتھ سیاست کرنے والے کچھ جئے چند جیسے لالچی لوگ۔ بس ممی-پاپا آپ دونوں ہمیشہ صحت مند اور خوش رہیں۔‘‘
واضح رہے کہ اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ کو پارٹی اور کنبہ سے نکالتے ہوئے لالو پرساد نے کہا تھا کہ نجی زندگی میں اخلاقی قدروں کے خلاف جانا ہمارے سماجی انصاف کے لیے اجتماعی جدوجہد کو کمزور کرتا ہے۔ بڑے بیٹے کی سرگرمی، عوامی طرز عمل اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہمارے خاندانی اقدار اور روایات کے مطابق نہیں ہے۔ اس لیے ایسے حالات کی وجہ سے اسے پارٹی اور کنبہ سے دور کرتا ہوں۔ اب سے پارٹی اور کنبہ میں اس کا کسی بھی طرح کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔ اسے پارٹی سے 6 سال کے لیے خارج کیا جاتا ہے۔
لالو پرساد نے آگے کہا کہ اپنی نجی زندگی کا بھلا بُرا اور صحیح غلط دیکھنے میں وہ (تیج پرتاپ) خود اہل ہیں۔ اس سے جو بھی لوگ تعلق رکھیں گے وہ اپنی صوابدید سے فیصلہ لیں۔ عوامی زندگی میں لوک لاج کا ہمیشہ حمایتی رہا ہوں۔ کنبہ کے فرمانبردار ارکان نے عوامی زندگی میں اسی فکر کو اپنا کر اس پر عمل کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔