لکھیم پور کھیری: تھانہ میں ٹیکسی ڈرائیور نے کی خودکشی کی کوشش، پولیس پر زیادتی کا لگایا الزام

متاثرہ کا کہنا ہے کہ چار لوگ پولیس کی مدد سے اسے پریشان کر رہے تھے اور ٹیکسی نہیں چلانے دے رہے تھے، متاثرہ کے چچا نے کہا کہ اس نے یہ قدم تب اٹھایا جب پولیس نے اس کی گاڑی ضبط کر پٹائی کر دی۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری واقع گوری پھنتا تھانہ احاطہ میں ایک 26 سالہ نجی ٹیکسی ڈرائیور نے پولیس اور چار دیگر لوگوں پر استحصال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خود کو آگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ نے الزام لگایا ہے کہ چار لوگ اور پولیس اہلکار ٹیکسی ڈرائیورس سے پیسے وصول کر رہے تھے اور جب وہ انھیں ادائیگی کرنے میں ناکام رہا تو انھوں نے اسے پریشان کرنا شروع کر دیا۔ انھوں نے مبینہ استحصال کے بعد خودکشی کی کوشش کرنے کا دعویٰ کیا۔

متاثرہ 80 فیصد سے زیادہ جل گیا ہے اور جس اسپتال میں اس کا علاج چل رہا تھا، وہاں کے ڈاکٹروں نے اس کی حالت سنگین بتائی ہے۔ لکھیم پور کھیری کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنجیو سمن نے گوری پھنتا کے تھانہ انچارج اشونی وشوکرما کو ملزم بناتے ہوئے معطل کر دیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ معاملے کی جانچ کر دو دن میں رپورٹ دینے کے لیے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی گئی ہے۔ متاثرہ کا بیان مجسٹریٹ کے سامنے درج کرایا گیا ہے۔


واضح رہے کہ پلیا کے رہنے والے شیوم گپتا بنگاوا علاقے سے گوری پھنتا علاقے تک ٹاٹا میجک چلاتے تھے۔ گپتا نے بدھ کی دیر شب گوری پھنتا تھانہ گیٹ پر پٹرول ڈال کر خود کو آگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی۔ پولیس نے کہا کہ خود کو آگ لگانے کے بعد گپتا تھانہ احاطہ کے اندر بھاگ گیا۔ پولیس اہلکاروں نے آگ بجھائی اور اسے اسپتال پہنچایا۔ متاثرہ نے الزام عائد کیا کہ چار لوگ پولیس کی مدد سے اسے پریشان کر رہے تھے اور ٹیکسی نہیں چلانے دے رہے تھے۔ متاثرہ کے چچا پنکج گپتا نے میڈیا کو بتایا کہ شیوم نے یہ قدم اس وقت اٹھایا جب پولیس نے اس کی گاڑی ضبط کر لی اور پٹائی بھی کی۔ انھوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس نے شیوم گپتا کو دھمکی دی تھی کہ اسے جھوٹے معاملے میں پھنسایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */