تمل سپراسٹار وجئے نے کرور بھگدڑ کے بعد پہلی ریلی سے کیا خطاب، ڈی ایم کے کو بتایا ’بری طاقت‘
اداکار سے سیاستداں بنے وجئے نے کہا کہ نیٹ پر پابندی اور ایجوکیشن لون معاف کرنے جیسے کتنے جھوٹے وعدے کیے گئے؟ گنا اور دھان کے لیے قیمتیں طے کی گئیں، لیکن ہلدی کی قیمت بڑھانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔

تمل سپراسٹار اور ’تملگا ویتری کزگم‘ (ٹی وی کے) پارٹی کے لیڈر تھلاپتی وجئے نے تمل ناڈو میں برسراقتدار ڈی ایم کے پر تلخ تبصرہ کرتے ہوئے اسے ’بری طاقت‘ قرار دیا ہے۔ وجئے نے یہ تبصرہ 17 دسمبر کو ایک ریلی کے دوران کیا، جو کہ کرور بھگدڑ کے بعد ان کی پہلی ریلی ہے۔ اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وجئے نے نہ صرف ڈی ایم کے کو ’بری طاقت‘ کہا، بلکہ اپنی پارٹی ٹی وی کے کو ’شفاف اور تازہ طاقت‘ بتایا۔ ساتھ ہی انھوں نے 2026 اسمبلی انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انتخاب الگ ہوگا اور لوگ سب سمجھا دیں گے۔‘‘
اپنے خطاب میں وجئے نے کہا کہ نیٹ پر پابندی اور ایجوکیشن لون معاف کرنے جیسے کتنے ہی جھوٹے وعدے کیے گئے؟ گنا اور دھان کے لیے قیمتیں طے کی گئیں، لیکن ہلدی کی قیمت بڑھانے کے لیے کچھ نہیں کیا، جبکہ ریسرچ اداروں کے لیے کروڑوں روپے کے ٹنڈر نکالے گئے۔ اداکار سے سیاستداں بنے وجئے نے آبپاشی، ملازمت، تحفظ اور کسانوں کے فلاح پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ خالی عہدے کیوں نہیں بھرے گئے، طلبا کیوں اسکول چھوڑ رہے ہیں اور خواتین محفوظ ہیں یا نہیں؟ وہ کہتے ہیں کہ ’’آپ خود بتاؤ، سچ کیا ہے؟ یہی حقیقت ہے۔‘‘
وجئے نے ڈی ایم کے کو ’فیوی کول‘ کی طرح چسپاں مسائل والی پارٹی بتایا اور کہا کہ پیریار کا نام لوٹ کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ انھوں نے ایم جی آر اور جئے للیتا کی ڈی ایم کے پر سختی کی وجہ سمجھاتے ہوئے کہا کہ ’’پہلے سوچتا تھا ایم جی آر اور جئے للیتا ڈی ایم کے پر اتنے سخت کیوں تھے، اب میں دہراتا ہوں کہ ڈی ایم کے بری طاقت ہے۔‘‘ انھوں نے ڈی ایم کے کو اپنا سیاسی و نظریاتی دشمن بھی قرار دیا۔
اس ریلی میں وجئے نے اپنی پارٹی ٹی وی کے کی دل کھول کر تعریف کی اور ریلی والے علاقہ ’ایروڈ‘ کو بھی اہم قرار دیا۔ انھوں نے ایروڈ کو ’شبھ بھومی‘ کہا، جہاں ہلدی کی پیداوار ہوتی ہے اور اچھی شروعات کے لیے ہلدی کا استعمال ہوتا ہے۔ انھوں نے کالنگراین نہر کی کہانی بھی سنائی کہ کس طرح ایک ماں نے دہی-دودھ فروخت کر پیسے دیے تھے۔ وجئے نے کہا کہ ان کا لوگوں سے 34 سال پرانا رشتہ ہے اور لوگ انھیں کبھی مایوس نہیں کریں گے۔