تمل ناڈو: حراستی موت معاملہ میں سی بی-سی آئی ڈی کو تحقیقات کی ہدایت

عدالت نے پیر کے روز اپنے حکم میں کہا تھا کہ سی بی آئی کو تفتیش کا کام سونپنے کے بعد جے راج اور بینِکس کی موت سے متعلق تمام دستاویز تفتیشی ایجنسی کو سونپ دیئے جانے چاہئیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

مدورَے: مدراس ہائی کورٹ کی مدورے بنچ نے ستھناکُلم تھانے میں حراست کے دوران پولیس کی مبینہ زیادتی سے باپ۔بیٹے کی موت کے معاملے کی تفتیش کی باگ ڈور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے اپنے ہاتھ میں لیے جانے تک کرائم برانچ۔ کرمنل انویسٹیگیشن ڈیپارمینٹ (سی بی۔ سی آئی ڈی) کو کیس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

جسٹس پی این پرکاش اور بی پُگلیندھی نے منگل کے روز اس کیس کے سلسلے میں پیش مفاد عامہ کی عرضی پر سنوائی کرنے کے بعد تیرونیلویلی سی بی۔ سی آئی ڈی، پولیس سب انسپیکٹر انل کمار کو تفیتش کا آغاز کرنے کا حکم دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ باپ پی جے راج (61) اور بیٹے جے بینِکس (31) کی 22 اور 23 جون کو عدالتی تحویل کے دوران موت ہو گئی تھی۔ اسی تھانہ کے پولیس اہلکاروں پر باپ۔بیٹے کو ظلم و بربریت کرکے موت کے گھاٹ پہنچانے کا الزام ہے۔


قبل ازیں وزیر اعلیٰ ای کے پلانی سوامی نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ ریاستی حکومت اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’چونکہ ہائی کورٹ نے حراستی موت کے معاملے کا از خود نوٹس لیا ہے لہٰذا اس سلسلے میں عدالت کی اجازات لینا ہوگی۔ اس کے بعد کیس کی تفتیش سی بی آئی کو سونپی جائے گی‘۔

عدالت نے پیر کے روز اپنے حکم میں کہا تھا کہ سی بی آئی، کو تفتیش کا کام سونپنے کے بعد جے راج اور بینِکس کی موت سے متعلق تمام دستاویز تفتیشی ایجنسی کو سونپ دیئے جانے چاہئیں۔ عدالت نے عدالتی تحویل میں پولیس کے تعاون نہ کرنے کا بھی نوٹس لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔