پی ایم کی خاموشی پر راہل گاندھی کا طنز، اِدھر اُدھر کی نہ بات کر، بتا قافلہ کیسے لٹا

راہل گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی نے چینی دراندازی اور پٹرول-ڈیزل کی بڑھ رہی قیمتوں پر کچھ نہ کہا، ملک پر چھائے اقتصادی بحران اور بے روزگاری معاملے پر انہوں نے اپنے خطاب میں ایک لفظ خرچ نہیں کیاـ

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کے ملک کے نام خطاب پر شدید طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایم مودی نے باتیں تو بہت کی ہیں لیکن ملک کے سامنے موجود پیچیدہ وسلگتے ہوئے سوالوں کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی نے چینی دراندازی پر ایک لفظ نہیں کہا اور نہ ہی پٹرول-ڈیزل کی بڑھ رہی قیمتوں پر کچھ کہا، ملک پر چھائے اقتصادی و معاشی بحران اور بے روزگاری معاملے پر انہوں نے اپنے خطاب میں ایک لفظ خرچ نہیں کیاـ راہل گاندھی نے منگل کو ٹوئٹ کر کے مودی سے پوچھا،’’ادھر ادھر کی نہ بات کر، یہ بتا کہ قافلہ کیسے لٹا، مجھے رہزنوں کا گلہ تو ہے، پر تیری رہبری کا سوال ہے۔

اس درمیان کانگریس ترجمان سپریا سرینیت نے صحافیوں سے کہا کہ پی ایم مودی کا خطاب کھودا پہاڑ نکلی چوہیا ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید کی جارہی تھی کہ پی ایم مودی چین کو منھ توڑ جواب دیں گے، کسان اور غریبوں کے اکاونٹ میں نقد رقم ڈالںے کا اعلان کریں گے لیکن انہوں نے غریبوں کو کوئی راحت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ایپ پر پابندی لگانے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ چین کو منھ توڑ جواب دینا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔