تمل ناڈو: بغیر امتحان کے پاس ہوں گے نویں، دسویں اور گیارہویں کے طلبا

ریاستی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پلانی سامی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے درجہ نویں، دسویں اور گیارہویں کے طلبا کو بغیر امتحان دیئے اگلے درجہ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہندوستان ہی نہیں، پوری دنیا میں تعلیمی شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔ اس درمیان بچوں کی پڑھائی کا کافی نقصان ہوا ہے جس کو دیکھتے ہوئے تمل ناڈو حکومت نے ایک انتہائی اہم فیصلہ لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اے پلانی سامی نے جمعرات کو کہا کہ ریاستی حکومت بغیر امتحان دیئے نویں، دسویں اور گیارہویں کے طلبا کو پاس کر کے اگلے درجہ میں بھیجے گی۔ اس فیصلہ سے طلبا کے سرپرستوں کی فکر کم ہوئی ہے، کیونکہ لاک ڈاؤن اور کورونا گائیڈ لائنس کی وجہ سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں پوری طرح سے گزشتہ سال ٹھپ رہی تھیں۔

جمعرات کے روز ریاستی اسمبلی میں وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے درجہ نویں، دسویں اور گیارہویں کے طلبا کو بغیر امتحان دیئے اگلے درجہ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاست میں 19 جنوری سے دسویں اور بارہویں درجہ کے طلبا کے لیے اسکول کھولے جا چکے ہیں لیکن ہر درجہ میں 25 سے زیادہ بچوں کو شامل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔‘‘


واضح رہے کہ ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کے 16738 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ملک میں انفیکشن کی کل تعداد بڑھ کر 1.10 کروڑ ہو گئی ہے۔ ملک میں تقریباً ایک مہینے بعد ایک دن میں 15 ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس دوران 138 مریضوں کی کورونا انفیکشن سے موت ہوئی ہے جس سے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 1 لاکھ 56 ہزار 705 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔