ہریانہ: کسان تحریک کی حمایت کرنے والے آزاد رکن اسمبلی بلراج کنڈو کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کے چھاپے

آزاد ممبر اسمبلی بلراج کنڈو دہلی ہریانہ ٹیکری بارڈر پر احتجاج کرنے والے کسانوں کو مفت کھانا بھی مہیا کرا رہے ہیں، جہاں کسان تقریباً تین مہینے سے زرعی قوانین کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی / روہتک: محکمہ انکم ٹیکس (آئی ٹی) نے جمعرات کے روز کسان تحریک کو حمایت دینے والے ہریانہ سے آزاد رکن اسمبلی بلراج کنڈو سے وابستہ متعدد ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی اور تلاشی مہم چلائی۔ کنڈو کسانوں کی تحریک کی حمایت میں ہریانہ کی برسر اقتدار بی جے پی، جے جے پی حکومت سے اپنا ناطہ توڑ چکے ہیں۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ متعدد ٹیمیں روہتک، گڑگاؤں اور حصار میں کنڈو کے دستاویزات کی جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔

عہدیداروں کے مطابق، تلاشی کے دوران بلراج کندو اپنی گڑگاؤں میں واقع رہائش گاہ پر موجود تھے جبکہ ان کے اہل خانہ روہتک میں موجود تھے۔ بلراج کنڈو ہریانہ کی ماہم اسمبلی سیٹ سے آزاد ایم ایل اے ہیں اور ریاست میں منوہر لال کھٹر حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ 2019 کے اسمبلی انتخابات کے بعد کنڈو نے ریاست میں بی جے پی-جے جے پی حکومت کی حمایت کی تھی، لیکن بعد میں وہ حکومت سے علیحدہ ہو گئے۔


بلراج کنڈو دہلی ہریانہ ٹیکری بارڈر پر احتجاج کرنے والے کسانوں کو مفت کھانا بھی مہیا کرا رہے ہیں، جہاں کسان تقریباً تین مہینے سے زرعی قوانین کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔ وہ ہریانہ میں بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کے لیڈر راکیش ٹکیت کی کسان مہا پنچایتوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Feb 2021, 2:11 PM