تمل ناڈو: پٹاخہ فیکٹری دھماکہ میں 11 افراد کی موت، 36 جھلسے

پولیس نے بتایا کہ سری مریمّل پٹاخہ فیکٹری میں آج دوپہر کے بعد اچانک آگ لگ گئی جس کے بعد کئی دھماکے ہوئے۔ اس وقت مزدور پٹاخہ کی فینسی ویرائٹی بنانے میں مصروف تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ورودھونگر: تمل ناڈو کے ضلع ورودھونگر کے اچنکولم گاوں میں واقع پٹاخہ فیکٹری کے ایک نجی کارخانے میں جمعہ کو ہوئے دردناک دھماکہ حادثے میں اب تک 11 افرادکی موت ہوئی ہے اور آگ میں 36 دیگر جھلس گئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سری مریمّل پٹاخہ فیکٹری میں آج دوپہر کے بعد اچانک آگ لگ گئی جس کے بعد کئی دھماکے ہوئے۔ اس وقت مزدور پٹاخہ کی فینسی ویرائٹی بنانے میں مصروف تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہواہے کہ کیمیائی مادے کو رکھنے کے دوران رگڑ سے آگ کا سانحہ پیش آیا۔

پولس کے مطابق آگ اور دھماکوں نے دس گوداموں کو تباہ کردیا، جہاں تیارپٹاخے اور انتہائی آتش گیر کیمیکلز کا بڑاذخیرہ جمع کیا گیا تھا۔ لاشوں کے شدید طورسے جل جانے کے سبب مرنے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ورودھونگر کے ڈسٹرکٹ فائر افسر کے گلسن نے کہا کہ ستّور، ورودھونگر اور شیوکاشی سے فائر کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ایک دوگھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا۔ زخمیوں کو ستوراور شیوکاشی سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جس میں کچھ زخمیوں کے حالت انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے جس کے سبب اموات کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔


ضلع مجسٹریٹ آر کنّن نے صحافیوں سے کہا کہ آگ لگنے کے واقعہ کے تعلق سے تفصیلی جانچ کرائی جائے گی۔ وہیں مدورئی رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایس راجندرن نے صحافیوں کا بتایا کہ پٹاخہ کارخانے کے مالک کو گرفتارکرنے کے لئے پولیس کی پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔